شی جن پنگ بحیثیت صدر پہلے سرکاری دورے پر کمبوڈیا پہنچ گئے

دورے کے دوران ترقیاتی عملیوں میں ہم آہنگی اورعملی تعاون کو فروغ دیا جائیگا

جمعرات 13 اکتوبر 2016 14:18

نوم پنہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 13 اکتوبر2016ء) چینی صدر شی جن پنگ کمبوڈیا کے سرکاری دورے پر جمعرات کو یہاں پہنچ گئے ٬ ان کے دورے کا مقصد دونوں ممالک کے درمیان روایتی دوستی کو مزید مستحکم بنانا اور دونوں ممالک کے درمیان جامع سٹرٹیجک تعاون پر مبنی پارٹنر شپ کو فروغ دینا ہے ٬ یہ بحیثیت صدر شی کا جنوب مشرقی ایشیاء کے اس ملک کا پہلا دورہ ہے ٬انہوں نے نائب صدر کی حیثیت سے اس مملکت کا دورہ کیا تھا ۔

(جاری ہے)

پروگرام کے مطابق شی کمبوڈیا کے شا نوروڈونگ سہا مونی سے مذاکرات اور مادر ملکہ موروڈونگ مونی نیت سہا نوک سے ملاقات کے علاوہ وزیر اعظم ہن سین سے بھی مذاکرات کریں گے ٬ دونوں ممالک اپنی ترقیاتی حکمت عملیوں میں ہم آہنگی پیدا کرنے اور اپنے عملی تعاون کوفرو غ دینے کے لئے شی کے دورے کے دوران تعاون کے متعدد معاہدے طے پائیں گے ۔دونوں ممالک کے درمیان روایتی دوستی پائی جاتی ہے جو کہ پرانی نسل کے چینی رہنمائوں اور کمبوڈیا کے آنجہانی بادشاہ نورو ڈونگ سہا نوک نے کاشت کی اور فروغ دی تھی۔