صدر گوگیرہ٬ضلعی پاسپورٹ آفس میں بغیر رشوت اور سفارش پاسپورٹ کا حصول جوئے شیر لانے کے مترادف ہو گیا

ضلعی آفس پاسپورٹ کے ٹائوٹ مافیا کا خاتمہ کرتے ہوئے ایماندار اور فرض شناس آفیسر اور عملہ تعینات کیا جائے ‘ شہریوں کا مطالبہ

جمعرات 13 اکتوبر 2016 14:08

صدر گوگیرہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 اکتوبر2016ء) ضلعی پاسپورٹ آفس میں مبینہ کرپشن اور ملازمین کی ہٹ دھرمی سے بغیر رشوت اور سفارش پاسپورٹ کا حصول جوئے شیر لانے کے مترادف ہو گیا ۔ ذرائع کے مطابق ٹائوٹ مافیا نے دفتر کو یرغامل بنا رکھا ہے جس کی وجہ سے شریف شہر ی ذلیل خوار ہو رہے ہیں جبکہ منہ مانگے دام دینے والے افراد کوپرو ٹوکول سے اندر افسران تک رسائی ہوتی ہے ۔

(جاری ہے)

رشوت نہ دینے والے افراد کی فائلوں پر بلا جواز اعتراضات لگا کر ان کو خوار کیا جاتا ہے اور ایجنٹ مافیا کے ذرئیے ان کو بالاخر مبینہ طور پر رشوت دینے کے لیے قائل کر لیا جاتا ہے جس کے بعد فائل پر لگنے والے تمام تر الزامات نہ صرف کلیئر ہو جاتے ہیں بلکہ فائل کو پر لگ جاتے ہیں ۔شہریوں نے وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار اور وزارت داخلہ کے دیگر اعلیٰ متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ ضلعی آفس پاسپورٹ کے ٹائوٹ مافیا کا خاتمہ کرتے ہوئے ایماندار اور فرض شناس آفیسر اور عملہ تعینات کیا جائے جبکہ پاسپورٹ آفس کا سپر پرائز وزٹ کر کے سائلوں کی مشکلات کا فوری ازالہ کیا جائے ۔