کینولا کی کاشت 31اکتوبر تک مکمل کر نے کی ہدایت

جمعرات 13 اکتوبر 2016 13:40

فیصل آباد۔13 اکتوبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 اکتوبر2016ء)وسطی اور جنوبی پنجاب میں کاشتکاروں کو کینولا کی کاشت 31اکتوبر تک مکمل کر نے کی ہدایت کی گئی ہے اور کہاگیاہے کہ کاشتکار کینولاکی کاشت میں مزید تاخیر نہ کریں تاکہ اچھی پیداوار کاحصول ممکن ہوسکے۔ماہرین زراعت نے بتایاکہ کاشتکار اچھی پیداوار کیلئے ہر قسم کی آلائشوں سے پاک صحت مند اور تصدیق شدہ بیج ڈیڑھ سے دو کلو گرام فی ایکڑ استعمال کرسکتے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہاکہ کاشتکار کاشت سے قبل بیج کو پھپھوند کش زہر ضرور لگائیں ۔ انہوں نے کہاکہ کینولا کی کاشت ڈرل کے ذریعے 30 سے 45 سینٹی میٹر یا ایک سے ڈیڑھ فٹ کے فاصلہ پر قطاروں میں کرنے کے مثبت نتائج حاصل ہو سکتے ہیں۔ انہوںنے بتایاکہ کینولا کا تیل ایروسک ایسڈ اور گلوکو سائنولیٹ جیسے مضر اجزاء سے پاک ہونے کے باعث انسانی صحت کیلئے انتہائی مفید ہے جس کی کاشت سے نہ صرف ملک کو تیل کی پیداوار میں خود کفیل بنایا جاسکتاہے بلکہ کاشتکار اپنی آمدن میں بھی خاطر خواہ اضافہ کرسکتے ہیں۔