مصر دہشت گردی سے بچ گیا٬ داعش کا خطرناک سیل گرفتار

دہشت گردوں نے جزیرہ نما سیناء میں سرگرم انصار بیت المقدس نامی عسکریت پسند گروپ سے عسکری تربیت حاصل کی٬حکام

جمعرات 13 اکتوبر 2016 12:38

قاہرہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 اکتوبر2016ء) مصر کی پولیس نے دولت اسلامی ’داعش‘ سے وابستہ ایک خطرناک سیل کو گرفتار کرکے دہشت گردی کی بڑی سازش ناکام بنانے کا دعویٰ کیا ہے۔عرب ٹی وی کے مطابق مصری حکومت کے ایک ذریعے نے بتایا کہ سیکیورٹی فورسز مشتبہ دہشت گردوں کی مسلسل نگرانی کر رہے تھے۔

(جاری ہے)

پکڑے گئے دہشت گردوں نے جزیرہ نما سیناء میں سرگرم انصار بیت المقدس نامی عسکریت پسند گروپ سے عسکری تربیت حاصل کی اور اس کے بعد قاہرہ پہنچ گئے تھے جہاں وہ اہم حکومتی اور حساس تنصیبات پر حملوں کی منصوبہ بندی کر رہے تھے۔

گرفتار دہشت گردوں کے قبضے سے مصری پولیس اور سیکیورٹی فورسز کی تنصیبات کے نقشے اور اسلحہ بھی برآمد کیا گیا ہے۔ گرفتار شدت پسندوں کو عدالت میں پیش کیا گیا تھا۔ عدالت نے پندرہ روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کر دیا ہے۔ یہ معلوم نہیں ہو سکا کہ قاہرہ سے پکڑے گئے داعشی جنگجوؤں کی تعداد کتنی ہے اور وہ کن کن ملکوں سے تعلق رکھتے ہیں ۔

متعلقہ عنوان :