مصر اور سعودی عرب شام اور یمن کے تنازعات پر بات چیت کریں گی

بات چیت کے لیے ماحول سازگاربنانے مصر میں متعیّن سعودی سفیر احمد القطان ریاض پہنچ گئے

جمعرات 13 اکتوبر 2016 12:25

قاہرہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 اکتوبر2016ء) مصر کا اعلیٰ سطح کا ایک وفد آیندہ چند روزہ میں سعودی دارالحکومت الریاض کا دورہ کرے گا اور سعودی حکام سے لیبیا٬عراق٬ یمن اور شام میں جاری تنازعات سمیت علاقائی امور پر تبادلہ خیال کرے گا۔وفد میں اعلیٰ مصری عہدے دار شامل ہوں گے۔وہ سعودی عہدے داروں کے ساتھ شام کے بارے میں ایک مجوزہ قرار داد پر بھی بات چیت کریں گے۔

یہ قرارداد آیندہ چند روز میں اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں پیش کی جائے گی۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق اس دورے کی تیاریوں کے سلسلے میں مصر میں متعیّن سعودی سفیر احمد القطان قاہرہ سے بدھ کو الریاض کے لیے روانہ ہو گئے ہیں۔مصری وفد یہ دورہ ایسے وقت میں کررہا ہے جب دونوں ملکوں کے درمیان شام کے بارے میں ایک قرار داد پر ووٹنگ کے معاملے پر کشیدگی پائی جارہی ہے۔

(جاری ہے)

مصر نے گذشتہ ہفتے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں روس کی شام سے متعلق پیش کردہ اس قرار داد کے حق میں ووٹ دیا تھا جبکہ سعودی عرب نے اس مخالفت کی تھی۔اس قرار داد پر رائے شماری کے بعد سعودی عرب کی تیل کمپنی آرامکو نے اس ماہ کے لیے مصر کو سات لاکھ ٹن پیٹرولیم مصنوعات کی برآمدات روکنے کا اعلان کردیا تھا۔ آرامکو کے اس فیصلے کے بعد مصر کو اپنی پیٹرولیم مصنوعات کو پورا کرنے کے لیے عجلت میں ٹینڈرز جاری کرنا پڑے ہیں۔