افغانستان: مسجد کے قریب دھماکا٬ 15 افراد ہلاک٬28 زخمی

دھماکا ضلع بلخ میں عاشورہ کے جلوس میں ہوا٬ صوبائی گورنر

جمعرات 13 اکتوبر 2016 12:22

مزار شریف(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 13 اکتوبر2016ء) افغانستان کے شمالی صوبے بلخ میں ایک مسجد کے قریب ہونے والے بم دھماکے میں 15 افراد ہلاک اور 28 زخمی ہوگئے۔فرانسیسی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق صوبائی گورنر کے ترجمان منیر احمد فرہاد نے بتایا کہ دھماکا ضلع بلخ میں ایک مسجد کے گیٹ پر جاری عاشورہ کے جلوس میں ہوا٬ جس میں 15 افراد ہلاک اور 28 افراد زخمی ہوئے۔

ان کا کہنا تھا کہ دھماکا آئی ای ڈی کے ذریعے کیا گیا٬ ادھر صوبائی ڈپٹی پولیس چیف نے بھی مذکورہ ہلاکتوں کی تصدیق کی ہے۔ادھر ہسپتال حکام کا کہنا تھا کہ زخمی ہونے والوں میں بیشتر افراد کی حالت انتہائی تشویش ناک ہے۔واضح رہے کہ ابتدائی طور پر کسی بھی تنظیم یا گروپ نے حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے۔

(جاری ہے)

خیال رہے کہ گذشتہ روز افغانستان کے دارالحکومت کابل میں مسلح افراد نے ایک مزار کے قریب فائرنگ کرکے 18 افراد کو ہلاک کردیا تھا اس مزار میں یوم عاشور کے حوالے سے مجلس جاری تھی٬ پولیس نے مقابلے میں تینوں حملہ آوروں کو ہلاک کرنے کا دعویٰ بھی کیا تھا۔

دسمبر 2014 میں امریکا کی اتحادی نیٹو افواج کے انخلائ کے بعد سے افغانستان میں طالبان کی جانب سے سیکیورٹی فورسز اور دیگر اہم مقامات پر حملوں میں اضافہ ہوگیا ہے۔واضح رہے کہ افغانستان میں 1996 سے 2001 کے دوران افغان طالبان نے افغانستان میں اپنی حکومت امارت اسلامیہ قائم کی تھی اور وہ ایک مرتبہ پھر ملک کا کنٹرول حاصل کرنے کے لیے جنگ میں مصروف ہیں۔۔

متعلقہ عنوان :