لاہور٬ یوم عاشورہ کا مرکزی جلوس رات نثار حویلی اندرون موچی گیٹ سے برآمد ہوا

منگل 11 اکتوبر 2016 22:24

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 11 اکتوبر2016ء) یوم عاشورہ کا مرکزی جلوس رات نثار حویلی اندرون موچی گیٹ سے برآمد ہو گیا۔ جلوس کے برآمد ہوتے ہی نثار حویلی کی بیرونی فضا یاحسین کی صدا سے گونج اٹھی۔ جلوس میں عزاداروں کی کثیرتعداد شامل ہے جنہوں نے ٹولیوں کی شکل میں نواحہ خوانی٬ ماتم اور زنجیر زنی کا آغاز کیا اور اپنے مقررہ راستوں پر روانہ ہو گیا جو آج شام بوقت نماز مغرب کربلا گامے شاہ پہنچ کر اختتام پذیر ہوگا۔

جلوس میں شامل عزادار نماز مغربین کربلا گامے شاہ میں ادا کریں گے۔ بعدازاں شام غریباں ہوگی۔ دوسری طرف لاہور کی ضلعی انتظامیہ نے اس موقع پر سکیورٹی کے سخت حفاظتی انتظامات کررکھے ہیں۔ اس سلسلے میں پولیس کی بھاری نفری نے نہ صرف ذوالجناح کے مرکزی جلوس کو اپنے حصار میں سے رکھا ہے بلکہ جلوس کے روٹ پر داخل ہونے والے تمام راستوں کو کنٹینروں٬ بیریئرز٬ خاردار تاروں اور قناتوں سے بند کررکھا ہے۔

(جاری ہے)

روٹ کی ہر گلی اور نکڑ پر مسلح پولیس اہلکار تعینات ہیں جبکہ روٹ کے راستوں کے دونوں جانب واقعہ مکانوں کو چھتوں پر نشانہ باز بٹھائے گئے ہیں جو دوربینوں کے ذریعے جلوس کی مانیٹرنگ کررہے ہیں۔ جلوس میں شامل ہونے کیلئے عزادار کیلئے مخصوص راستے متعین کیے گئے ہیں جہاں پر واک تھرو گیٹس کے ساتھ ساتھ میٹل ڈیٹکیر کے ذریعے عزاداروں کی تلاشی لینے کے بعد انہیں جلوس میں شامل ہونے کی اجازت دی جارہی ہے۔

اس موقع پر خواتین عزاداروں کو چیک کرنے کیلئے لیڈی پولیس کی بھاری نفری بھی داخلی راستوں پر تعینات ہے جبکہ سکیورٹی حکام جلوس کے آگے پیدل چل کر جلوس کے راستے کی مانیٹرنگ کررہے ہیں جس کیلئے ڈرون کیمروں کا بھی سہارا لیا گیا ہے۔ ضلعی انتظامیہ نے محکمہ ہیلتھ کے تعاون سے جگہ جگہ موبائل طبی کیمپ قائم کیے ہیں جہاں سے زنجیر زنگی سے زخمی ہونے والے عزاداروں کو فوری طبی امداد فراہم کی جارہی ہے۔

جلوس کے تمام راستوں پر مختلف تنظیموں کی طرف سے فرقہ واریت کے خلاف اور بھائی چارے کے حق میں بینرز لگائے گئے ہیں۔ عزاداروں کی سہولت کیلئے جگہ جگہ پانی٬ دودھ اور دیگر مشروبات کی سبیلیں لگی ہیں۔ ذوالجناح کے مرکزی جلوس کی مانیٹرنگ کیلئے سول سیکرٹریٹ٬ ٹائون ہال سمیت مختلف مقامات پر کنٹرول روم قائم ہیں جن کا جلوس کے روٹ پر تعینات پولیس اہلکاروں اور افسران سمیت لگائے گئے سی سی ٹی وی کیمروں کے ساتھ براہ راست رابطہ ہے جو مرکزی جلوس کی لمحہ بہ لمحہ مانیٹرنگ کرنے میں مصروف ہیں۔ ذوالجناح کے مرکز جلوس میں شامل عزاداروں نے نماز فجر سنہری مسجد کے باہر ادا کی جبکہ عزادار نماز ظہرین رنگ محل چوک میں ادا کریں گے۔ (قیوم زاہد+ سعید امر)

متعلقہ عنوان :