نواسہ رسولؐ حضرت امام حسین ؓ کی قربانی نے اسلام کو قیامت تک کیلئے زندہ جاوید کردیا٬پیر محمد حسان حسیب الرحمن

منگل 11 اکتوبر 2016 22:13

سیالکوٹ ۔11اکتوبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 اکتوبر2016ء)نواسہ رسولؐ حضرت امام حسین ؓ کی قربانی نے اسلام کو قیامت تک کیلئے زندہ جاوید کردیا اور آپؓ نے اپنے خون جگر سے شجر اسلام کی ایسی آبیاری فرمائی کہ جس کی پوری دنیا میں کہیں مثال نہیں ملتی ۔حضرت امام عالیٰ مقام ؓ نے جو محبت ٬اخوت اور ایثار و قربانی کا عالمگیر درس دیا وہ پوری امت مسلمہ کیلئے مینارہ نور کی حیثیت رکھتا ہے جس پر عمل پیرا ہوکر دنیا و آخرت میں کامیابی و کامرانی حاصل کی جاسکتی ہے۔

ان خیالات کا اظہار سجادہ نشین عیدگاہ شریف صاحبزادہ پیر محمد حسان حسیب الرحمن نے گزشتہ روز یہاں گرائونڈ دربار حضرت امام صاحب میں سالانہ عرس مبارک حضرت سیدنا امام علی الحق شہیدؒ کی اختتامی نشست سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر ضلعی چیئرمین برائے لیگل ونگ مشائخ وعلماء کونسل چوہدری فرحت عباس ایڈووکیٹ ٬خلیفہ مجازضمیر اختر نقیبی ٬محمد اکرم ربانی ٬چوہدری مقصود علی وڑائچ ٬ملک محمد اشرف ٬حاجی محمد ارشد نقیبی ٬سیٹھ جمیل احمد ٬محمد شہزاد انجم ٬انسپکٹر رانا شمس الدین ٬انجم جٹ٬ محبوب عالم بٹ ٬کاشف نیاز ٬ملک محمد توقیر ودیگر بھی موجودتھے ۔

پیر حسان حسیب الرحمن نے کہا کہ میدان کربلا میں نواسہ رسولﷺ نے اپنی جان قربان کرکے امت مسلمہ کو حق وسچ کی خاطر ڈٹ جانے کا درس دیا ہے اور صدائے سید الشہداء باطل قوتوں کے خلاف کلمہ حق ہے جو ہردور میں بلند ہوتا رہے گا ۔انہوں نے کہا کہ حضرت سیدناامام علی الحق شہیدؒ نے حق کی خاطر جان دی اور کفر و شرک کا خاتمہ کیا اور یہاں اسلام کی روشن دیپ آپؒ نے اپنے خون سے روشن کئے ۔

آج ضرورت اس امر کی ہے کہ پوری امت مسلمہ مدینہ پاک کے پلیٹ فارم پر متحد ہو کر اسلام دشمن قوتوں کا مل کر مقابلہ کریں اور مقبوضہ کشمیر ٬فلسطین ٬برما سمیت جہاں جہاں مسلمانوں پر مظالم ڈھائے جارہے ہیں انھیں نجات دلوایں بلخصوص مسلم حکمرانوں کا اتحادوقت کا اہم ترین تقاضا ہے ۔تقریب سے سید اکرم شاہ گیلانی ٬ قاری محمد حبیب اللہ چشتی ٬ڈاکڑ ناصر محمود قادری ٬قاری شاہد محمود ٬احمد رضا قادری ٬محمد نواز چشتی و دیگر نے بھی خطاب اور ہدیہ نعت و منقبت حضرت امام عالیٰ مقام پیش کی ۔