وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے معاون خصوصی عارف یوسف کا نویں محرم کو امام بارگاہ حسینیہ ہال پشاور صدر سے برآمد ذوالجناح جلوس کوفراہم سہولیات اور سیکیورٹی انتظامات کا جائزہ

منگل 11 اکتوبر 2016 21:24

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 11 اکتوبر2016ء) وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے معاون خصوصی برائے قانون عارف یوسف نے محرم الحرام کے سلسلے میں نویں محرم کو امام بارگاہ حسینیہ ہال پشاور صدر سے برآمد ہونے والے ذوالجناح جلوس کوفراہم کی جانے والی سہولیات اور سیکیورٹی انتظامات کا جائزہ لینے کی خاطر پشاور صدر کا تفصیلی دورہ کی اور سیکیورٹی انتظامات ٬ پولیس ٬ طبی عملہ اور صفائی کی صورتحال کا بغور جائزہ لیا۔

اس موقع پر انہوں نے عزا دوروں سے کیلئے قائم کردہ فوری طبی امدادی کیمپ کا دورہ کیا اور کیمپ میں موجود میڈیکل عملہ سے زخمی زنجیر زنوں کو فراہم کی جانے والی طبی سہولیات کے بارے میں ضروری معلومات حاصل کیں۔یاد رہے کہ وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کی خصوصی ہدایات کی روشنی میں عارف یوسف نے امام بارگاہ کا دورہ کر کے جلوں انتظامیہ کے عہدیداروں سے بھی ملاقات کی اور ان سے سکیورٹی انتظامات کے بارے میں تبادلہ خیال کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے ماتمی جلوس کے راستوں میں صفائی پر مامور عملہ سے ملاقات لی اور صفائی ستھرائی کے بہتر انتظامات کرنے کی ہدایت کی۔انہوں نے بتایا کہ محرم الحرام کے اس مقدس مہینے میں پشاور شہر کے مختلف چھوٹے بڑے امام بارگاہوں سے نکلنے والے ماتمی جلوسوں کی سیکیورٹی کیلئے جلوسوں کے راستوں پر سی سی ٹی کیمروں کی تنصیب کے علاوہ دس ہزار پولیس اہلکار تعینات کئے گئے ہیں جنہیں دیگر سیکیورٹی اداروں کا تعاون بھی حاصل ہے۔

عارف یوسف نے سیکیورٹی انتظامات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کینٹونمنٹ بورڈ پشاور سمیت پولیس ٬ مقامی انتظامیہ ٬ محکمہ صحت ٬ ریسکیو1122 اور دیگر متعلقہ اداروں کا شکریہ بھی ادا کیا اور عوام سے مخلصانہ اپیل کی کہ وہ نویں محرم کی طرح دس محرم کو بھی حکومتی اداروں سے مکمل تعاون جاری رکھیں تاکہ پشاور شہر کے دیگر علاقوں سے دس محرم کو نکالے جانے والے ذوالجناح جلوسوں کیلئے بھی بہتر سیکیورٹی انتظامات کو حتمی شکل دی جا سکے۔