مجوزہ گرلز کیڈٹ کالج مردان پر کام کی رفتار تیزکیاجائے

خیبر پختونخواکے وزیر ابتدائی و ثانوی تعلیم عاطف خان کی متعلقہ حکام کو سختی سے ہدایت

منگل 11 اکتوبر 2016 21:24

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 11 اکتوبر2016ء) خیبر پختونخواکے وزیر ابتدائی و ثانوی تعلیم محمد عاطف خان نے محکمے کے متعلقہ حکام کو سختی سے ہدایت کی ہے کہ وہ مجوزہ گرلز کیڈٹ کالج مردان پر کام کی رفتار تیز کریں اور ایک سال کی مقررہ مدت میںاس کی تکمیل یقینی بنائیں۔یہ ہدایات انہوں نے پشاور میں گرلز کیڈٹ کالج مردان سے متعلق ایک اعلیٰ سطح کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے دیں۔

اجلاس میں دوسروں کے علاوہ سیکرٹری تعلیم شہزاد بنگش٬سپیشل سیکرٹری قیصر عالم اور دوسرے متعلقہ حکام بھی موجود تھے۔حکام کو ہدایت کی گئی کہ وہ مذکورہ کالج میں عارضی طور پر کلاسیں شروع کرنے کے لئے عملی اقدامات اٹھائیں اجلاس میں پی کے۔30مردان میں منظور شدہ گرلز ڈگری کالج اور ڈی ای او میل مردن کے دفتر کے قیام کے لئے موزوں جگہ تلاش کرنے کی بھی ہدایت کی گئی۔

(جاری ہے)

وزیر تعلیم نے اس موقع پر اپنے مختصر خطاب میں حکام پر واضح کیا کہ عوامی مفاد کے ان اہم منصوبوں کے معیار اور مدت تکمیل پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا اور ان میں کسی صورت غیر ضروری تاخیر برداشت نہیں کی جائے گی۔ان کاکہنا تھا کہ عوامی مفاد کے منصوبوں کو کسی کی ذاتی پسند و ناپسند یا مفاد کی بھینٹ چڑھانے نہیں دیں گے۔عاطف خان نے عوام سے بھی اپیل کی کہ وہ علاقے کے وسیع تر مفاد میں اپنے فروعی اختلافات اور رنجشیں بھلا کر متحد ہو جائیں اور عوام دشمن قوتوں کے عزائم کو ناکام بنائیں۔انہوں نے اپنے اس عزم کو دہرایا کہ وہ مردان کو صوبے کا مثالی اور ترقیافتہ ضلع بنا کر دم لیں گے۔

متعلقہ عنوان :