امام حسین ؑ نے جان کی قربانی دے کر لازوال داستان رقم کی ٬سید شاہد علی

منگل 11 اکتوبر 2016 21:10

راولپنڈی۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 اکتوبر2016ء)مرکزی انجمن تاجران کمرشل مارکیٹ کے چیئرمین و مسلم لیگی راہنماء سید شاہد علی شاہ جی نے کہاکہ امام حسین ؑ نے جان کی قربانی دے کر لازوال داستان رقم کی ٬واقعہ کربلا ہمیں حق و باطل میں تمیز کا درس دیتا ہے ٬شہدائے کربلا نے راہ حق میں اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کر کے اسلام کو جاودانی بخشی ۔

اپنے ایک بیان میں سید شاہد علی شاہ جی نے کہاکہ ہمیں اسوہ شبیری پر عمل پیرا ہوتے ہوئے حق کا ساتھ دینا ہو گا اور بدی کی قوتوں کو مٹانا ہو گا ۔یوم عاشور کے موقع پر تمام مکاتب فکر کے علماء کو اتحاد ویکجہتی کا مظاہرہ کرتے ہوئے نسل نو کو دین اسلام کی عظیم تر قربانی کے اغراض و مقاصد اور حق و باطل کے حقائق سے آگاہی دینی چاہیے ۔

(جاری ہے)

عاشورہ محرم پر گذشتہ کی طرح کمرشل مارکیٹ کے تاجر بھی کاروباری سرگرمیاں مکمل معطل رکھیں گے ۔

انہوںنے کہاکہ اس موقع پر راولپنڈی پولیس کو چاہیے کہ وہ تجارتی مراکز سمیت دیگر مقامات کی سیکورٹی کو یقینی بنائے جبکہ ضلعی انتظامیہ کو چاہیے کہ وہ اس ضمن میں عزاداروں کو تمام تر سہولیات کی بہم رسانی کے انتظامات کرے جبکہ مجالس و جلوس عاشورہ کی انتظامیہ کو بھی اس ضمن میں اوقات کار کی پابندی کے ساتھ ساتھ دیگر ضابطہ عزاداری کی پابندی کو ملحوظ خاطر رکھنا چاہیے ۔