حکومت پنجاب بارانی علاقوں میں زراعت کی ترقی کے لئے کوشاں ہے٬ سیکرٹری زراعت پنجاب

منگل 11 اکتوبر 2016 20:58

چکوال(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 11 اکتوبر2016ء) حکومت پنجاب بارانی علاقوں میں زراعت کی ترقی کے لئے کوشاں ہے۔ زرعی پیداوار میں بڑھوتی ہی پاکستان کی خوشحالی کی ضمانت ہے اور خطے میں غربت کے خاتمے میں انتہائی اہم کردار ادا کر سکتی ہے۔ اس کے لئے ہمیں تمام وسائل کو بروئے کار لانا ہو گا۔ ان خیالات کا اظہار سیکرٹری زراعت حکومت پنجاب کیپٹن (ر) محمد محمود نے بارانی زرعی تحقیقاتی وساکری کے مختلف باغات کی چیکنگ کے دوران کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پر ڈائریکٹر ڈاکٹر محمد طارق کے علاوہ وساکری و بارانی کے متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔ اس موقع پر ڈاکٹر محمد طارق نے زرعی تحقیقاتی ادارے کے متعلق بریفنگ دی اور کہا کہ ادارہ ہذا میں زمینداروں کی بہتری کے لئے مختلف تجربات کئے جا رہے ہیں اور اس ادارہ سے خصوصی طور پر پنڈی ڈویژن کے زمیندار فائدہ اُٹھا رہے ہیں اور اُن کی ترقی کے لئے اقدامات کر رہے ہیں۔

(جاری ہے)

بارانی علاقے کے زمینداروں کے لئے جدید ٹیکنالوجی متعارف کرا رہے ہیں۔ اس موقع پر سیکرٹری زراعت نے اس بات پر زور دیا کہ زرعی ٹیکنالوجی کو ایجاد کرنے کے ساتھ ساتھ زمینداروں تک اس کو پہنچایا جائے۔ خطہ پوٹھوار میں زمینی کٹاؤ کا مؤثر کنٹرول یقینی بنایا جائے اور دیگر اداروں کے ساتھ مل کر زمینداروں کی فنی تربیت کا بھی اہتمام کیا جائے۔

فصلوں کے جدید بیج زمینداروں کو مناسب مقدار میں فراہم کرنے کو بھی یقینی بنایا جائے اور اس مقصد کے لئے تمام درکار وسائل کو بروئے کار لایا جائے۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ اب کام کرنے کا وقت آگیا ہے٬ اب کوئی افسر بھی کام کے بغیر ادارے میں نہیں رہے گا اور کسی قسم کی کرپشن میں افسران و ملازمین ملوث پائے گئے تو اُن کے خلاف قانونی کاروائی کی جائے گی۔ علاوہ ازیں انہوں نے ضلع چکوال کے تمام زرعی دفاتر کا تفصیلی دورہ کیا اور اُن کے مسائل کو حل کرنے کی یقین دہانی کرائی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت اس سلسلے میں ایک خصوصی پیکیج فراہم کر رہی ہے جس کے تحت 2018ء تک ہم نے اپنے ٹارگٹ تک پہنچنا ہے۔

متعلقہ عنوان :