صوبائی وزیر قانون امتیازشاہد کی کوہاٹ میں فوڈ پوائزننگ سے متاثرہ دینی مدرسے کے طلباء کی عیادت

منگل 11 اکتوبر 2016 20:46

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 11 اکتوبر2016ء) خیبر پختونخوا کے وزیر قانون و پارلیمانی امور امتیاز شاہد قریشی ایڈوکیٹ پیر کی شا م اپنے حلقہ نیابت کی یونین کونسل شاہ پور کے مدرسہ حنفیہ تعلیم القرآن بما میں فوڈ پوائزننگ سے متاثرہ طلباء کی عیادت کے لئے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال کوہاٹ اور لیاقت میموریل وومن اینڈ چلڈرن ہسپتال کوہاٹ گئے جہاں انہوں نے متاثرہ بچوں کی عیادت کی اور انکی خیریت دریافت کی۔

انہوں نے موقع پر موجود ڈاکٹروں کو متاثرین کو بہتر علاج معالجے کی سہولت فراہم کرنے کی ہدایت کی۔ واضح رہے کہ مدرسے کے 40طلباء ناشتہ کرنے کے فوری بعدفوڈ پوائزننگ کا شکار ہو ئے اور ان کی حالت غیر ہو گئی۔متاثرہ طلباء کو فوری طور پر لیاقت میموریل ہسپتال اور ڈسٹرکٹ ہسپتال کوہات منتقل کیا گیاجہاں پر 22طلباء کو ابتدائی طبی امداد کے بعد فارغ کر دیا گیا جبکہ 18 مریض مکمل صحت یابی تک ہسپتالوں میں داخل کئے گئے ہیں تاہم تمام داخل مریضوں کی حالت خطرے سے باہر ہے۔

(جاری ہے)

وزیر قانون تمام مریضوں سے فرداً فرداً ملے اور ان سے ہسپتال انتظامیہ کی جانب سے فراہم کی جانے والی طبی سہولیات کے بارے میں دریافت کیا۔ان کا کہنا تھا کہ الله تعالی کا بڑا احسان ہے کہ کوئی جانی نقصان نہیں ہواہے ۔انہوں نے ہسپتال انتظامیہ کو ہدایت کی کہ متاثرہ مریضوں کی علاج معالجے میں کوئی کسر نہ چھوڑی جائے۔انہوں نے اس سلسلے میں صوبائی حکومت کی جانب سے مکمل تعاون کا یقین دلایا۔

متعلقہ عنوان :