حسینی فلسفہ کے مطابق سربلندی کے لئے سرکٹوایا جاسکتا ہے مگر ظلم اور جبر کے آگے سر کوجھکایا نہیں جاسکتا٬پرویز مشرف

منگل 11 اکتوبر 2016 20:45

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 11 اکتوبر2016ء) آل پاکستان مسلم لیگ کے چیئرمین پرویز مشرف اور سیکرٹری جنرل ڈاکٹر محمد امجد نے کہا ہے کہ حسینی فلسفہ کے مطابق سربلندی کے لئے سرکٹوایا جاسکتا ہے مگر ظلم اور جبر کے آگے سر کوجھکایا نہیں جاسکتا۔ یہی وجہ ہے کہ جناب حسین سر کٹوا کر بھی سر بلند ہیں اور آپ کے دشمن فاتح ہو کر بھی مفتوح ہیں۔

آج اس بات کی سب سے زیادہ ضرورت ہے کہ قوم حسینی فلسفہ کے مطابق حق اور باطل میں تمیز کرتے ہوئے حق کا ساتھ دے۔ یوم عاشور کی مناسبت سے میڈیا کے لئے اپنے جاری کئے گئے بیان میں اے پی ایم ایل کے راہنما$ں نے کہا کہ حق کا ساتھ دیتے ہوئے نواسہ ئ رسول نے نہ صرف اپنی بلکہ اپنے قبیلے کی جانیں قربان کر دیں مگر ظلم کا ساتھ نہیں دیا۔

(جاری ہے)

آپ کی شہادت سے امت مسلمہ کو یہ درس ملتا ہے کہ کسی بھی قیمت پر حق کا ساتھ نہ چھوڑا جائے چاہے اس کے لئے جان بھی قربان کیوں نہ کرنی پڑے۔

بدقسمتی سے آج ہمارا المیہ ہے کہ چھوٹے چھوٹے مفادات کی خاطر حق اور باطل کی تمیزکرنا چھوڑ دی جاتی ہے جس کی سزا بحثیت قوم سب کو ملتی ہے۔ واقعہ کربلا ہم سے تقاضا کرتا ہے کہ ہم ان حکمرانوں کا انتخاب کریں جو حقیقت میں اس اہم ذمہ داری کے اہل ہوں۔بصورت دیگر قوم کو اس کا خمیازہ بھگتنا پڑتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر قوم آج عہد کر لے کہ وہ کسی بھی صورت حق کا ساتھ نہیں چھوڑیں گے تو کوئی وجہ نہیں کہ سرفرازی اور سر بلندی اس کا مقدر نہ ہو۔شہادت امام حسین سے ہمیں یہی سبق ملتا ہے۔