معاشرے میں بھائی چارے ٬ رواداری٬ برداشت اور تحمل کے فروغ کی ضرورت پہلے سے کہیں بڑھ گئی ہے٬سردار شیرعلی خان گورچانی

کوئی بھی دشمن ہمارے قومی اتحاد٬ یکجہتی اور بھائی چارے کو پارہ پارہ کرکے اپنے مذموم عزائم میں کامیاب نہیں ہوسکتا٬ڈپٹی سپیکر پنجاب اسمبلی

منگل 11 اکتوبر 2016 20:27

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 11 اکتوبر2016ء) ڈپٹی سپیکر پنجاب اسمبلی سردار شیرعلی خان گورچانی نے کہاکہ معاشرے میں بھائی چارے ٬ رواداری٬ برداشت اور تحمل کے جذبات کو فروغ دینے کی ضرورت موجودہ حالات میں پہلے سے کہیں زیادہ بڑھ گئی ہے۔کوئی بھی دشمن ہمارے قومی اتحاد٬ یکجہتی اور بھائی چارے کو پارہ پارہ کرکے اپنے مذموم عزائم میں کامیاب نہیں ہوسکتا۔

قوم محرم الحرام کے مہینے میں پُرامن رہیں اور اتحاد و یگانگت کا ثبوت دیں ۔ انہوں نے کہا کہحضرت امام حسین ؓ کا صبر ٬ْ شکر ٬ْ توکل اور رضائے الٰہی کائنات کے انسانوں کیلئے علم و عرفان کا مینار ہے ۔ محرم الحرام اخوت ٬ بھائی چارہ ٬ رواداری اور یک جہتی و یگانگت کا درس دیتا ہے۔ محرم الحرام کے دوران ہمیں اپنی صفوں میں اتحاد برقرار رکھ کر امن و امان کی مثالی فضا کو یقینی بنانا ہے۔

(جاری ہے)

سردار شیر علی خان گورچانی نے کہا کہ ہمیں انتہا پسندی اور دہشت گردی سمیت جن سنگین خطرات کا سامنا ہے ان سے نمٹنے کیلئے ہمیں اپنی صفوں میں مکمل اتحاد و اتفاق پیدا کر کے ملک کو مضبوط اور مستحکم بنا کر تمام اختلافات کو بالائے طاق رکھنا ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ مذہبی ہم آہنگی کو برقرار رکھنے کیلئے تمام مکاتب فکر کے علماء کرام اپنے اپنے پلیٹ فارم سے بھائی چارے کی فضا کو فروغ دینے کیلئے کردار ادا کریں۔

پوری قوم مذاہب و مسالک سے بالاتر ہو کر امن و محبت کی فضا کو قائم کرنے کیلئے کلیدی کردار ادا کر سکتی ہے۔انہوں نے پارٹی عہدیداران و کارکنوں کو ہدایت کی کہ وہ اپنے اضلاع میں امن ٬ یکجہتی اور بھائی چارے کی فضاء کو قائم رکھنے کیلئے انتظامیہ سے بھر پور تعاون کریں اور اپنے ارد گرد نظر رکھیں تاکہ محرم الحرام میں کسی بھی شر پسند عناصر کو امن و امان کی خوشگوار فضا کو خراب کرنے کا موقعہ نہ مل سکے ۔(قیوم زاہد)

متعلقہ عنوان :