کوئٹہ‘محرم الحرام کے 9ویں کو شہر کے وسطی علاقوں میں اکثر کاروباری مراکز اوردکانیں بند رہیں

ٹریفک بھی معمول سے کم رہی ‘سیکورٹی کے انتہائی سخت انتظامات

منگل 11 اکتوبر 2016 20:20

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 11 اکتوبر2016ء)صوبائی دارالحکومت کوئٹہ میں محرم الحرام کے 9ویں کو شہر کے وسطی علاقوں میں اکثر کاروباری مراکز اوردکانیں بند اور ٹریفک بھی معمول سے کم رہی اس موقع پر شہر بھر میں سیکورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کئے گئے تھے ٬قانون نافذ کرنیوالے اداروں کے اہلکاران کی بڑی تعداد کی نہ صرف تعیناتی عمل میں لائی گئی تھی بلکہ حساس علاقوں میں بھی سادہ کپڑوں میں ملبوس اہلکار ہر آنے جانیوالے لوگوں پر کھڑی نظررکھے ہوئے تھے ٬دوسری جانب جلوس روٹ پر کھوجی کتوں اورمختلف جدید آلات کے ذریعے سکرننگ کاسلسلہ بھی جاری رہا شہر کے وسطی علاقوں میں واقعہ دکانوں کے مالکان نے منگل کے روز دکانیں کھولنے کو ترجیح ہی نہیں دی بلکہ وہ سارا دن اپنے گھروں میں ہی رہے اس کے علاوہ جن تاجروں کے گھر قریبی اضلاع میں واقع ہے وہ اپنے گھروں کو چلے گئے ہیں ٬یوم عاشور سے قبل کوئٹہ شہر میں جلوس روٹ کو مکمل طورپر سیل کردیاجاتاہے بلکہ وہاں جانیوالے تمام راستے بھی گاڑیاں اور رکاوٹیں کھڑی کرکے بند کردی جاتی ہے جلوس روٹ پر واقع بلند وبالا عمارتوں پر بھی سیکورٹی اہلکاروں کی تعیناتی کردی گئی ہے جبکہ پہلے سے قائم شدہ کنٹرول رومز کے ذریعے شہر میں لگائے گئے 35اور28پرانے کیمروں کے ذریعے انتظامیہ کے اعلیٰ حکام صورتحال کاجائزہ بدستور لیتے رہینگے منگل کے روز کوئٹہ شہر کے وسطی علاقوں کے تجارتی مراکز بند جبکہ ٹریفک بھی معمول سے کم رہی شہر میں نہ صرف ایف سی ٬کائونٹر ٹرارزم اورپولیس کاگشت جاری رہا بلکہ ناکہ بندی کرکے مشکوک افراد اورگاڑیوں کی تلاشی کاسلسلہ بھی جاری ہے اس کے علاوہ صوبائی دارالحکومت کے تمام داخلی اورخارجہ راستوں کی کھڑی نگرانی کی جارہی ہے آج بدھ کو عزاداروں کی جلوس کی نگرانی کیلئے ہیلی کاپٹرز کابھی استعمال کیاجائیگا جبکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے فورسز کے دستوں کو ہائی الرٹ بھی کردیاگیاہے ۔