یو بی جی کا چیئرمین افتخار علی ملک اور سرپرست اعلیٰ ایس ایم منیر پر بھرپور اعتماد کا اظہار

گروپ کے تمام لیڈران پاکستان بھر کی بزنس کمیونٹی کو متحد رکھ کر تجارت وصنعت کی ترقی اور معاشی مضبوطی کیلئے اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے٬ اراکین

منگل 11 اکتوبر 2016 20:07

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 11 اکتوبر2016ء) یونائیٹڈ بزنس گروپ(یو بی جی)کی مرکزی اور چاروں صوبوں کی کورکمیٹی کے اراکین نے گروپ کے چیئرمین افتخار علی ملک اور سرپرست اعلیٰ ایس ایم منیر پر بھرپور اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے اس یقین کا اظہار کیا ہے کہ گروپ کے تمام لیڈران پاکستان بھر کی بزنس کمیونٹی کو متحد رکھ کر تجارت وصنعت کی ترقی اور معاشی مضبوطی کیلئے اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے۔

یونائیٹڈ بزنس گروپ کی کورکمیٹی کے اراکین نے یونائٹیڈ بزنس گروپ کی جانب سے متفقہ طور پر زبیر طفیل کوایف پی سی سی آئی الیکشن میں امیدوار برائے صدرنامزد کرنے کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ زبیر طفیل نے اس سے قبل ایف پی سی سی آئی کے نائب صدر اور گزشتہ دوسال میں ایف بی آر کمیٹی کے چیئرمین کی حیثیت سے وزارت خزانہ اور ایف بی آر حکام سے بزنس کمیونٹی کے مفاد میں جو جدوجہد کی ہے وہ بے مثال ہے اور یقین ہے کہ زبیر طفیل صدر کی حیثیت سے کامیاب ہوکر ایف پی سی سی آئی کے ذریعہ بزنس کمیونٹی کے وسیع تر مفاد میں کام کریں گے۔

(جاری ہے)

یونائٹیڈ بزنس گروپ کے مرکزی سینئروائس چیئرمین سینیٹر عبدالحسیب خان نے کہا کہ یوبی جی کی خصوصیت یہ ہے کہ اس میں سب کارکن ہیں جومتحد رہ کریو بی جی کے امیدوار زبیرطفیل کی فیڈریشن کے صدارتی منصب پر کامیابی کے بعدبھی تمام ٹریڈ سے وابستہ بزنس مینوں کے مسائل کوحکومت تک پہنچا کر انہیں حل کرنے کی مکمل کوششیں جاری رکھیں گے٬زبیر طفیل پاکستان بھر کی بزنس کمیونٹی کے امیدوار ہیں۔

سینئرتاجررہنما سینیٹر الیاس احمدبلور نے کہا کہ فیڈریشن چیمبر آف کامرس کیلئے زبیر طفیل اثاثہ ثابت ہونگے کیونکہ فیڈریشن میں اب لوٹ مار کرنے کے دن گزر گئے ہیں اور بزنس کمیونٹی کی خدمت کرنے والے اور فیڈریشن کے اثاثوں کی حفاظت کرنے والے عہدیداریو بی جی کے پلیٹ فارم سے منتخب کئے جارہے ہیں اور زبیر طفیل بھی اکثریت سے صدارتی انتخاب جیتیں گے ۔

سیالکوٹ سے یو بی جی کے انتہائی اہم ترین رہنما شیخ ریاض الدین نے کہا کہ زبیر طفیل کو اتفاق رائے سے صدارتی امیدوارنامزد کرنے کا فیصلہ فیڈریشن کو ایک اور کامیاب ترین صدر مہیا کرنے کے مترادف ہوگا۔یونائٹیڈ بزنس گروپ سندھ زون کے رہنماڈاکٹر اختیار بیگ اورعبدالسمیع خان نے کہا کہ زبیر طفیل بزنس مینوں کے مسائل کوحکومت تک پہنچا کر انہیں حل کرنے کی مکمل کوششیں جاری رکھیں گے۔

یوبی جی بلوچستان کے لیڈر انجینئرداروخان اچکزئی نے کہا کہ ایف پی سی سی آئی میں بے قاعدگیوں کا خاتمہ کردیا گیا ہے اور باقی ماندہ ناکام عناصر بھی گھر بھیج دیئے جائیں گے۔یو بی جی کے ترجمان گلزار فیروز نے کہا کہ زبیر طفیل کی متفقہ نامزدگی نے مخالفین کے بکھرے ہوئے کیمپ میں ہلچل مچادی ہے٬ ملک بھر کی بزنس کمیونٹی میں ایف پی سی سی آئی یو بی جی کے کامیاب عہدیداران کی مقبولیت اس بات کا ثبوت ہے کہ انکے مسائل فیڈریشن کے توسط سے حل ہورہے ہیں جبکہ کراچی سے خیبر تک بزنس کمیونٹی نے ایف پی سی سی آئی کے سابقہ قبضہ گروپ کی منفی سرگرمیوں کو بھی دیکھ لیا ہے جسکا مقصدایف پی سی سی آئی کی ممبرز ایسوسی ایشنز اور چیمبرز کے مفادات کو نقصان پہنچانا ہے٬یو بی جی نے 2017 کے ایف پی سی سی آئی انتخابات میں مخالف گروپ کا فیڈریشن چیمبر سے مکمل صفایا کردے گی اور 100 فیصدکامیابی یو بی جی کا مقدر بنے گی۔

یو بی جی پنجاب کے رہنما وقارایم میاں نے کہا کہ 2 سال کے دوران افتخار علی ملک کی قیادت میں یو بی جی نے بھرپور کامیابی حاصل کی اور تیسرے سال بھی اس کامیابی کا تسلسل جاری رہے گا اور مخالفین شکست کا مزہ چکھیں گے۔ مس ناہید مسعود نے کہا کہ ایف پی سی سی آئی کے صدر کیلئے بطور امیدوار زبیرطفیل یو بی جی کی بہترین چوائس ہیں۔

متعلقہ عنوان :