دہشت گردی کے خاتمے کے لئے سول اور ملٹری قیادت مل کر کام کر رہی ہے ٬ وزیر اعلی گلگت بلتستان

منگل 11 اکتوبر 2016 20:03

گلگت ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 اکتوبر2016ء) وزیر اعلی گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن نے کہا ہے کہ دہشت گردی کے خاتمے کے لئے اس وقت پورے ملک میں سول اور ملٹری قیادت مل کر کام کر رہی ہے٬ سی پیک سے متعلق جو منصوبے گلگت بلتستان میں شروع ہوںگے ان میں پاور سیکٹرز اور سڑک کی نیٹ ورکنگ شامل ہے ۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کے روز سیف سٹی پراجیکٹ کی افتتاحی تقریب کے موقع پر صحافیوں سے گفتگو کے دوران کیا ۔

انہوں نے کہا کہ کچھ عرصہ قبل ان کی چینی سفیر سے ملاقات ہوئی۔ ملاقات میں چینی سفیر نے کہا کہ سی پیک کے تحت بننے والی سڑک جو گلگت بلتستان سے گزرے گی اس کی چوڑائی 100 فٹ ہو گی۔وزیر اعلی نے کہا کہ وفاقی پبلک سیکٹر ڈویلپمنٹ پراجیکٹ (پی ایس ڈی پی) میں گلگت بلتستان کے لئے 72 ارب روپے کے ترقیاتی پراجیکٹ رکھے گئے ہیں جو ایک ریکارڈ ہے ۔ انہوں نے کہا کہ سی پیک کا سب سے زیادہ فائدہ گلگت بلتستان کو ہو گا ۔