وزیر اعظم کی کامیاب پالیسیوں کے باعث آج پاکستانی معیشت اپنے پائوںپر کھڑی ہو چکی ہے٬ شیخ آفتاب احمد

منگل 11 اکتوبر 2016 20:03

حضرو ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 اکتوبر2016ء) وفاقی وزیر پارلیمانی امور شیخ آفتاب احمد نے کہا ہے کہ عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی مسلم لیگ (ن) کی اولین ترجیح ہے جبکہ عمران خان اقتدار کی خاطر ملکی ترقی کا راستہ روکنا چاہتے ہیں‘ عوام نے انہیں پہلے بھی مسترد کیااور 2018میں بھی انکو مسترد کریں گے ‘وزیر اعظم پاکستان محمد نواز شریف کی قیادت میں پاکستان کی معیشت دنیا کے برابر ہو رہی ہے جو ہماری حکومت کی کامیابی ہے٬ موجودہ حالات میں قوم ایک پلیٹ فارم پر ہے جبکہ عمران خان اپنی علیحدہ سیاست کر رہے ہیں شرافت کو کمزوری نہ سمجھا جائے۔

چھچھ آمد کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شیخ آفتاب احمد نے کہا کہ وزیر اعظم پاکستان محمد نواز شریف کی کامیاب پالیسیوں کی وجہ سے آج پاکستانی معیشت اپنے پائوںپر کھڑی ہو چکی ہے جس کی مثال عالمی دنیا بھی دے رہی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت اپنی آئینی مدت پوری کریگی ٬عمران خان کو یقین ہے کہ وزیر اعظم نواز شریف 2018تک اقتدار میں رہے تو ان کی سیاست ختم ہو جائے گی یہی وجہ ہے کہ وہ آئے روز احتجاج کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کا منشور ملک کی ترقی ہے جس پر عملدرآمد کرتے ہوئے ملک بھر میں ترقیاتی کاموں کا سلسلہ جاری ہے جس سے عوام کو ریلیف ملے گا۔ شیخ آفتاب احمد نے کہا کہ سی پیک منصوبے کی تکمیل سے پاکستان میں ترقی کے نئے دور کا آغاز ہو گا ۔