جمعیت علما پاکستان نیازی کے زیر اہتمام محفل پیغام کربلا سے پیر معصوم نقوی کا خطاب

شہداکربلا نے قربانی دے کر انسان کو ظلم و جبر کے خلاف کھڑے ہونے کاحوصلہ دیا٬ پیر معصوم نقوی ْکربلا کوئی حادثہ نہیں٬ظالموںکے خلاف مظلوموں کی تحریک ہے٬ سربراہ جے یو پی نیاز ی کا خطاب

منگل 11 اکتوبر 2016 20:02

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 11 اکتوبر2016ء) جمعیت علما پاکستان (نیازی) کے سربراہ پیر سید محمد معصوم حسین نقوی نے کہا ہے کہ کربلا کسی حادثے یا واقعہ کا نام نہیں٬ یہ ایک تحریک ہے جو امام عالی مقام نواسہ رسول حضرت امام حسین علیہ السلام کی امامت میں یزید کے خلاف شروع ہوئی اور ہر آنے والی یزید ی فکر کے خلاف قیامت تک جاری رہے گی۔

وہ محفل پیغام کربلا سے خطاب کررہے تھے۔ جس میں پیر اختر رسول قادری٬ ڈاکٹر امجد حسین چشتی٬ عنصر فرید چشتی اور دیگرقائدین بھی شامل تھے۔ پیر معصوم نقوی نے کہا کہ کربلا کے شہدا نے قربانی دے کرمسلمان ہی نہیں ہر باضمیر انسان کو ظلم و جبر کے خلاف کھڑے ہونے کاحوصلہ دیا اور ثابت کیا ہے کہ فتح کے لئے مخالف کو قتل کرناضروری نہیں٬بات حق و باطل کی ہو تو اپنی جان قربان کرکے بھی فتحیاب ہوا جاسکتا ہے۔

(جاری ہے)

کربلا دراصل تلوار پر خون کی فتح کی تحریک ہے۔ انہوں نے کہا کہ یزید نے اسلام کی شکل بگاڑنے کی ناپاک جسارت کی اور خلافت کو ملوکیت میں تبدیل کردیا ۔ پھر اس پر خانوادہ رسالت سے بیعت طلب کرنے کی ناپاک جسارت کی توحضرت حسین ابن علی علیہ السلام نے انکار کرتے ہوئے واضح کیا کہ مجھ حسین جیسا یزید جیسے کی بیعت نہیں کرسکتا۔ پھرنواسہ رسول بچوں اور خواتین سمیت اپنے جانثاروںکے قافلہ لے کر کربلا پہنچے اور ایک تاریخ رقم کردی کہ فتح کا شادیانہ بجانے کی بجائے شہادت قبول کرکے حکمرانوں کو نیست و نابود کیا جاسکتا ہے۔

پیر معصوم نقوی کا کہنا تھا کہ امام حسینؑ نے اپنے نانا کے دین کا تحفظ کیا۔ جس پر پوری امت مسلمہ ان کی ممنون ہے کیونکہ اسلام ہمارے پاس کربلا کے شہدا کے خون کے صدقے میں پہنچا۔ انہوں نے واضح کیا کہ یزید کا نام لیواکوئی نظر نہیں آتا٬کیونکہ کوئی مسلمان یزید کی حمایت نہیں کرسکتا ۔ اگر کوئی ہے بھی تو سب کچھ ہوسکتا ہے٬وہ رسول اللہ کا امتی کہلانے کا حقدار نہیں۔