بہاولپور :نواسہ رسول ؐحضرت امام حسینؓکی عظیم قربانی کی یاد میں یوم عاشو ر آج مذہبی عقید ت و احترام سے منایا جائیگا

منگل 11 اکتوبر 2016 19:59

ؓبہاول پور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 11 اکتوبر2016ء)نواسہ رسول ؐحضرت امام حسین رضی اللہ تعالی عنہ اوران کے ساتھیوں کی اسلام کی سربلندی اور حق وصداقت کے لئے میدان کربلا میں دی گئی عظیم قربانی کی یاد میں یوم عاشور’’آج‘‘ دسویں محرم الحرام (بدھ ) کے روز مذہبی عقیدت و احترام سے منایا جائے گا ٬ملک کے دیگر شہروںکی طرح بہاولپور میں بھی یوم عاشور کے موقع پر ذوالجناح اور تعزیے کے جلوس برآمد ہونگے٬گزشتہ روز نویں محر م کے جلوس برآمد ہوئے جس میں عزادار شہدائے کربلا کوخراج عقیدت پیش کی۔

بہاولپور شہر کے مختلف علاقوں سے برآمد ہونے والے جلوس اپنے روایتی راستوں سے ہوتے ہوئے کربلانزد پرانی سبزی منڈی پہنچ کر اختتام پذیر ہوں گے جس کے بعدشام غریباں منائی جائے گی۔

(جاری ہے)

وفاقی اور صوبائی حکومتوں کی طرف سے دس محرم الحرام کے روز فول پروف سکیورٹی کو یقینی بنانے کے لئے انتظامات کو حتمی شکل دیدی گئی ہے۔ امن و امان کے تناظر میں بہاولپور میں جلوس کے راستوں پرجیمرز لگا کرموبائل فون سروس معطل رکھی جائے گی ۔

یوم عاشور کے جلوس کی سیکورٹی کیلئے پولیس کے ساتھ دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے افسران٬اہلکار اپنی ڈیوٹیاں سرانجام دینگے ۔متحدہ مرکزی انجمن تاجران بہاولپور کے صدر حافظ محمد یونس کی سربراہی میںشہر بھر کی تاجر تنظیمں بھی امن و امان کی فضا ء کو برقرار رکھنے کیلئے جلوس کے ہمراہ ہونگی۔