امام عالی مقام سیدنا حضرت امام حسین? نے ظلم و جبر کے خاتمے٬ عدل و انصاف کی سربلندی ٬دینی اقدار اور اسلامی روایات کے تحفظ کیلئے میدان کربلا میں ایسی لازوال قربانی پیش کی جس کی مثال اب روئے زمین پر ممکن نہیں ٬ حضرت امام حسین نے یزید اور اس کے حواریوں کو راہ راست پر لانے کیلئے انہیں امن کا پیغام دیا

وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا پرویز خٹک کایوم عاشور کے موقع پر پیغام

منگل 11 اکتوبر 2016 19:17

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 11 اکتوبر2016ء) وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا پرویز خٹک نے کہا ہے کہ امام عالی مقام سیدنا حضرت امام حسین نے ظلم و جبر کے خاتمے٬ عدل و انصاف کی سربلندی ٬دینی اقدار اور اسلامی روایات کے تحفظ کے لئے میدان کربلا میں ایسی لازوال قربانی پیش کی جس کی مثال اب روئے زمین پر ممکن نہیں ہے۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ حضرت امام حسین? نے یزید اور اس کے حواریوں کو راہ راست پر لانے کے لئے انہیں امن کا پیغام دیا اور اس سلسلے میں پر امن عملی کوششیں کیں مگر انہیں راہ ہدایت نصیب نہ ہوئی۔

وزیر اعلیٰ نے ان خیالات کا اظہار یوم عاشور کے موقع پر جاری اپنے پیغام میں کیا۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ حضرت امام حسین اور ان کے رفقاء کی قربانی نے حیوانیت اور انسانیت کے درمیان ایک حد فاضل قائم کر دی جو ابد تک قائم رہے گی۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہاکہ ظلم کے سامنے سینہ سپر ہونا٬ ظالم کے خلاف ڈٹ جانا اور مظلوم کی مدد کرنا شہید کربلا کی قربانی کا اصل فلسفہ ہے۔

نواسہ رسول نے اپنی جان اور خاندان کو قربان کر دیا مگر ظلم وجبر اور یزیدیت سے سمجھوتہ نہ کیا۔انہوںنے قیامت تک آنے والی اٴْمت مسلمہ کو پیغام دے دیاکہ باطل اور ظلم کے خلاف حق و صداقت اور انصاف کیلئے جان بھی لٹانی پڑے تو دریغ نہ کیا جائے۔ یہی انسانیت کا فلسفہ اور اسکی معراج ہے۔ ظلم و جبر اور مفاد پرستی چاہے کسی بھی شکل میں ہو اسکی بیخ کنی ایک اسلامی فلاحی معاشرے کیلئے ناگزیر ہے۔

پاکستان تحریک انصاف نے اسی عظیم فلسفے کی روشنی میں ظالمانہ اور بد عنوان نظام کو چیلنج کیا ہے اور عدل و انصاف پر مبنی ایک شفاف نظام کی تشکیل میں مصروف عمل ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج یزید کی پیرو کار طاغوتی قوتیں مسلمانوں میں انتشار پھیلا کر اسلامی قوت کو پارہ پارہ کرنے اور ان میں نفاق پیدا کرنے میں مصروف عمل ہیں۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ طاغوتی طاقتوں نے ہمارے ملک پاکستان کو اپنے مذموم مقاصد کی تکمیل کے لئے شورش اور بدامنی کے حالات سے دوچار کر رکھا ہے مگر سماج دشمن عناصر اس بات سے با خبر ہیں کہ پاکستانی عوام اور قانون نافذ کرنے والے ادارے خاص کر ہماری افواج پاکستان کا جذبہ اور ولولہ اتنا غیر متزلزل ہے کہ دشمنوں کو منہ کی کھانی پڑ رہی ہے۔

وزیر اعلیٰ نے کہا کہ پورا پاکستان اتحاد بین المسلمین کی شکل میں ایک ایسی سیسہ پلائی ہوئی دیوار ہے جس سے ٹکرانے والی قوتیں پاش پاش ہو جائیں گی۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ اسلام امن و سلامتی کا دین ہے جس کی تعلیمات دہشتگردی کی نفی کرتی ہیں۔ پرویز خٹک نے امن و سلامتی کے فروغ ٬ شدت پسندی کے خاتمے اور ایک عادلانہ نظام کے قیام کیلئے حضرت امام حسین ? کی عظیم قربانی سے درس حاصل کرنے ٬ حق و صداقت کیلئے ڈٹ جانے اور بحیثیت مسلمان معاشرے سے ظلم کے خاتمے کیلئے جاری مخلصانہ جدوجہد سے بھر پور تعاون کرنے کی ضرورت پر زوردیا۔

متعلقہ عنوان :