تمام پاکستانی اپنی صفوں میں تحمل وبرداشت٬ رواداری اور بھائی چارے کے ماحول کو برقرار رکھیں٬وقت کاتقاضا ہے کہ باہمی احترام اورمکمل اتحاد واتفاق کاماحول یقینی بنایاجائی

گورنرخیبرپختونخوا انجینئراقبال ظفرجھگڑا کایوم عاشور کے موقع پر پیغام

منگل 11 اکتوبر 2016 19:16

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 11 اکتوبر2016ء)گورنرخیبرپختونخوا انجینئراقبال ظفرجھگڑا نے کہا ہے کہ وہ اپنی صفوں میں تحمل وبرداشت٬ رواداری اور بھائی چارے کے ماحول کو برقرار رکھیں اوروقت کاتقاضا ہے کہ باہمی احترام اورمکمل اتحاد واتفاق کاماحول یقینی بنایاجائے۔ محرم الحرام کے موقع پر اپنے ایک پیغام میںگورنرخیبرپختونخوا نے کہا کہ آج یوم عاشور دسویں محرالحرام ہے۔

اسلامی تاریخ کے اس مقدس موقع پر آج کے دن کو حق اور سچائی کی سربلندی کیلئے حضرت امام حسین رضی اللہ عنہ اور ان کے جانثار ساتھیوں کی عظیم قربانیوں کی یاد میں منایاجاتاہے۔تاریخی حقائق اس امر کے گواہ ہیں کہ ظلم وبربریت کے خلاف مثالی جرائت وجذبے کے اظہار کے حوالے سے یہ د ن ایک جامع پیغام کاحامل ہے۔

(جاری ہے)

درحقیقت شہدائے کربلا نے جس مثالی جذبے اورحوصلے کامظاہرہ کیا اس سے ہر مسلمان کیلئے ثابت قدمی٬ برداشت٬ صبر اور وفا کا ایک جامع پیغام ملتاہے۔

ایک طرف شہدائے کربلا نے ظلم اورباطل کے خلاف آخری حدتک لڑنے کا پیغام دیا تو دوسری جانب حق اور سچ کی بالادستی قائم رکھنے کا سلیقہ بھی بتادیا۔ اس اہم موقع پر میری تمام ہم وطنوں بالعموم اور خیبر پختونخوا اور فاٹا کے عوام سے باالخصوص اپیل ہے کہ وہ اپنی صفوں میں برداشت٬ رواداری اور بھائی چارے کے ماحول کو برقرار رکھیں۔یہ دن ہمیں اتحاد٬ بھائی چارے اور اخوت کے جذبے کو برقراررکھنے کا درس دیتا ہے۔ حالیہ برسوں میں ہم جن حالات سے گزرے ہیں ان کے پیش نظر ہمیں روزمرہ حالات کاسامنا کرتے ہوئے ثابت قدم رہنے کی ضرورت ہے اوریہی یوم عاشورکے شہداء کو خراج عقیدت پیش کرنے کا عمدہ انداز بھی ہوسکتاہے۔‘‘