سیکورٹی ٬صفائی ستھرائی کے انتظامات کا جائزہ لینے کیلئے ڈویژنل کمشنر میرپورخاص کا امام بارگاہوں٬ جلوسوں کی گذرگاہوںاور سول ہسپتال کادورہ

منگل 11 اکتوبر 2016 19:09

میرپورخاص(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 اکتوبر2016ء)ڈویژنل کمشنر میرپورخاص شفیق احمد مہیسر نے عشرہ محرم الحرام کے سلسلے میں سیکورٹی ٬صفائی ستھرائی کے انتظامات کا جائزہ لینے اور درپیش مسائل حل کرانے کیلئے تمام امام بارگاہوں٬ جلوسوں کی گذرگاہوںاور سول ہسپتال کا ہنگامی دورہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ محرم الحرام ہمیں سید الشہداء حضرت امام حسین رضی اللہ عنہ کی دین کی خاطر دی گئی عظیم قربانی کی یاد دلاتا ہے ان کی قربانی سے ہمیں بھائی چارگی٬ایثار٬ ہم آہنگی اور امن و آشتی کا درس ملتا ہے ۔

انہوں نے 15مددگارمحرم ریسکیوپولیس سینٹرکا دورہ کیا جہاں پر محکمہ صحت کی جانب سے کسی بھی ایمرجنسی کی صورت میں ایمبولینس تیار حالت میںرکھنے اور ادویات کی کٹ اور ڈاکٹر ٬پیرامیڈیکل اسٹاف کی فراہمی کو ممکن بنانے کے احکامات جاری کئے ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کمشنر نے کہا کہ میرا دورہ کرنے کا مقصد محرم کے حوالے سے کئے گئے انتظامات میں درپیش مسائل کو فوری حل کرانا ہے ۔

انہوں نے پولیس اور رینجرز افسران کو ہدایت کی کہ مجالس میں آنے والے ہر شخص کی تلاشی لی جائے پارکنگ ایریا مجالس سے دور بنایا جائے ۔ انہوں نے منتظمین کی جانب سے پیش کئے گئے مسائل کو فوری حل کرنے کیلئے متعلقہ افسران کو موقع پر ہی احکامات جاری کئے۔ اس موقع پر کمشنر کو بتایاگیا کہ 10محرم کو شہر میں نکلنے والے جلوسوں کے ساتھ 7ایمبولینس ٬پیرامیڈیکل اسٹاف اورادویات ساتھ ساتھ ہونگی جبکہ ایمرجنسی کی صورت میں 15مددگارپولیس سینٹر پر7ایمبولینس عملے اورادویات کے ساتھ تیار حالت میں کھڑی ہونگی ۔

دورے کے دوران ڈپٹی کمشنر سید مہدی علی شاہ ٬ ڈی ایس آر رینجرز اشرف٬ ڈی آئی بی انچارج نظر محمد پنہور٬ڈی ایچ او ڈاکٹر شفیق میمن٬ چیئرمین میونسپل کمیٹی میرپورخاص فاروق جمیل درانی٬ وائس چیئرمین فرید احمد خان٬ سول سرجن ڈاکٹر اصغر آرائیں٬سی ایم او آغا عابد اور متعلقہ افسران بھی ان کے ہمراہ تھے۔