یوم عاشور کے موقع پر حساس نوعیت کی خبروں کی رپورٹنگ میں متعلقہ اداروں سے حقائق کی تصدیق کر لی جائے۔ ڈی سی او

منگل 11 اکتوبر 2016 18:32

فیصل آباد۔11 اکتوبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 اکتوبر2016ء) ضلع بھر میں یوم عاشور کے موقع پر مذہبی ہم آہنگی اور امن و امان کی فضاء برقرار رکھنے کیلئے ہمہ جہت حفاظتی و انتظامی اقدامات پر عملدرآمد کیا جارہا ہے جن کو کامیابی سے ہمکنار کرنے کے سلسلے میں میڈیا کے تعاون اور فعال کردار کو نظر انداز نہیں کیا جا سکتا لہٰذ ا امن کے حوالے سے حساس نوعیت کی خبروں کی رپورٹنگ میں متعلقہ اداروں سے حقائق کی تصدیق کر لی جائے تاکہ کسی قسم کی سنسنی خیزی یا اشتعال سے امن کی صورتحال خرابنہ ہو۔

یہ بات ڈی سی او سلمان غنی نے سرکٹ ہائوس میں میڈیا سے ملاقات کرتے ہوئے کہی۔سی پی او افضال احمد کوثر٬ارکان قومی وصوبائی اسمبلی حاجی محمد اکرم انصاری٬رجب علی خاں بلوچ٬چوہدری شہباز بابر٬بیگم خالدہ منصور٬حاجی خالد سعید٬رائو کاشف رحیم٬فقیر حسین ڈوگر٬رانا شعیب ادریس٬ڈاکٹر نجمہ افضل اور فاطمہ فریحہ بھی موجود تھیں۔

(جاری ہے)

ڈی سی او نے کہا کہ نیشنل ایکشن پلان پر عمل درآمد کے سلسلے میں اس بار یوم عاشور کے ضمن میں بے شمار چیلنجز کا سامنا ہے اس ضمن میں یوم عاشور کے موقع پر بھی میڈیا کا بھرپور تعاون درکار ہے وہ کسی بھی جگہ انتظامی خلاء کی نشاندہی کریں تاکہ انتظامات مزید مستحکم ہوسکیں۔

انہوں نے بتایا کہ عشرہ محرم کے سلسلہ میں فیصل۱ٓباد میں443 جلوس اور 1281 مجالس منعقد ہورہی ہیں اور اللہ تعالیٰ کے خاص فضل و کرم سے اب تک کے اہم اور مرکزی جلوس/ مجالس خیریت سے اختتام پذیر ہوئے ہیں اور عاشورہ محرم پر بھی سیکورٹی کے سخت ترین اقدامات پر عمل پیرا ہیں ۔ ڈی سی او نے کہا کہ وہ سی پی او کے ہمراہ ضلع بھر میں محرم جلوسوں کی مانیٹرنگ کے لئے سرگرم عمل ہیں اور انتظامی و حفاظتی اقدامات کو چوکس رکھا گیا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ امن کمیٹی کے ارکان کی معاونت سے فلیش پوائنٹس پر در پیش مسائل کا ازالہ کر لیا گیا ہے اور ڈسٹرکٹ انٹیلی جنس کمیٹی کے اجلاسز میں سیکورٹی خدشات کا باریک بینی سے جائزہ لے کر خفیہ معلومات کے حصول کے علاوہ سرجیکل ٹارگٹنگ بھی جاری ہے ۔ ڈی سی او نے بتایا کہ امن و امان کی صورتحال کو قائم و دائم رکھنے کے لئے ارکان اسمبلی سے تین میٹنگز کی جا چکی ہیں اور ان کی تجاویز کی روشنی میں انتظامات کو مزید جامع بنایا گیا ہے ۔

انہوں نے بتایا کہ پاک آرمی کی دو کمپنیز پہنچ چکی ہیں جنہیں مختلف مقامات پر متعین جبکہ ہسپتالوں میں ایمرجنسی میڈیکل سروسز کو بھی الرٹ رکھا گیا ہے ۔ڈی سی او نے بتایا کہ لائسنس داروں سے بروقت میٹنگ کرکے انہیں اعتماد میں لینے کے ساتھ ساتھ کیبل آپریٹرز سے ملاقات کرکے مذہبی منافرت کی روک تھام کے لئے حکومت ایس او پیز شیئر کئے گئے ہیں ۔

انہوں نے بتایا کہ شہر میں تین مقامات ڈی سی او آفس ‘ ایس ایس پی آپریشن کے دفتر اور چوک گھنٹہ گھر میں کنٹرول روم چوبیس گھنٹے فنکشنل ہیں جہاں جلوسوں و مجالس کی باریک بینی سے مانیٹرنگ کی جارہی ہے ۔انہوں نے کہا کہ عاشورہ محرم پر موبائل فون سروس کی ممکنہ بندش کے پیش نظر کمیونیکشن خلاء کو پر کرنے کے لئے فیلڈ افسران کو واکی ٹاکی اور پی ٹی سی ایل سٹیس فراہم کئے جائیں گے ۔

ڈی سی او نے بتایا کہ کٹیگری اے کے حامل جلوسوں کی سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے براہ راست کوریج کی جارہی ہے جس کا صوبائی سطح پر کنٹرول روم سے لنک ہے جبکہ دیگر جلوسوں و مجالس کی ویڈیو ریکارڈنگ کا عمل بھی جاری ہے ۔ انہوں نے کہا کہ محب وطن شہریوں کی طرح میڈیا بھی قومی مفاد اور ملکی سلامتی کا عملبردار ہے اور فیصل آباد کے میڈیا نے ہمیشہ انتہائی ذمہ داری اور قومی جذبے کا مظاہرہ کرتے ہوئے امن برقرار رکھنے میں شاندار کردار ادا کیا ہے۔

سی پی او افضال احمد کوثر نے کہا کہ ضلع میں محرم کے جلوسوں و مجالس کی سخت ترین سیکورٹی پر عملدرآمد کیاجارہا ہے جس کے تحت سکریننگ اور سرچ پر گہری توجہ ہے ۔انہوں نے کہا کہ جلوسوں میں داخل ہونے والے ہر شخص کی جامع تلاشی کو یقینی بنایا جارہا ہے اور مشکوک افراد پر بھی گہری نظر رکھی جارہی ہے ۔ انہوں نے میڈیا نمائندگان سے کہاکہ وہ سیکورٹی انتظامات کو مزید مضبوط بنانے کے لئے اپنا تعاون جاری رکھیں۔

متعلقہ عنوان :