یوم عاشور صرف اسلام ہی نہیں عالمی تاریخ کا اہم دن ہے٬ اپنے مسائل کے حل کیلئے اسوہٴ شبیری ؓسے رہنمائی حاصل کی جائے٬نواسہ ٴ رسولؐ اور ان کے خانوادے کی عظیم قربانی کااہم مقصد مسلمانوں کو تقسیم ہونے سے بچا کر متحد کرنا تھا

صدر ممنون حسین کا یوم عاشورکے موقع پرپیغام

منگل 11 اکتوبر 2016 18:13

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 11 اکتوبر2016ء) صدر ممنون حسین نے کہاہے کہ10/ محرم الحرام کا دن تاریخ اسلام ہی نہیں بلکہ عالمی تاریخ کا ایک اہم دن ہے کیوں کہ اس روز نواسہ ٴ رسولؐ اور ان کے خانوادے نے ایک عظیم مقصد کے لیے عظیم قربانی پیش کی تھی۔یہ دن ہمیں اہلِ بیتِ عظام پر بیتنے والے حادثہ ٴ جانکاہ کی یاد ہی نہیں دلاتا بلکہ یہ سبق بھی دیتا ہے کہ جب نظریہ اور مقصد خطرے میں پڑ جائے تو اس کے سامنے کسی چیز کی اہمیت نہیں رہتی۔

یوم عاشور1438ھ بمطابق12اکتوبر2016ئ کے موقع پرپیغام میں کہاکہ یہ عظیم دن ہمیں یاد دلاتا ہے کہ جب اسلام کی آفاقی اقدار نظر انداز ہو جائیں اور ذاتی مفادات اہمیت اختیار کرجائیں تو اس کے نتیجے میں سماجی انصاف خطرے میں پڑجاتا ہے ۔

(جاری ہے)

اس لیے امام عالی مقام ؓاور ان کے خانوادے کی قربانی کی یاد مناتے ہوئے ہمیں یہ حقیقت ہمیشہ پیش نظر رکھنی چاہئے کہ اس جدوجہد کا واحد مقصد رضائے الٰہی کا حصول تھا٬اس لیے ضروری ہے کہ اپنے مسائل کے حل کے لیے اسوہٴ شبیری ؓسے رہنمائی حاصل کی جائے۔

اس عظیم قربانی کا ایک اور اہم مقصد یہ بھی تھا کہ مسلمانوں کو تقسیم ہونے سے بچا کر متحد کردیا جائے ۔ہم آج بھی اس عظیم قربانی سے روشنی حاصل کر کے شدت پسندی اور بیرونی جارحیت جیسے خطرات سے نمٹ سکتے ہیں۔ان تما م چیلنجزسے نمٹنے کاواحد طریقہ یہی ہے کہ قوم قرآنی تعلیمات کے مطابق اللہ کی رسی کو مضبوطی سے تھام لے اور باہم تفرقے میں نہ پڑے۔عاشورہٴ محرم کا پیغام بھی یہی ہے اور امام عالی مقام حضرت امام حسین رضہ اللہ عنہ کی تعلیمات کا خلاصہ بھی یہی ہے۔

متعلقہ عنوان :