9محرم کے بڑے دن کی وجہ سے شاہد آفریدی کو معاف کرتاہوں٬ جاوید میاںداد کااعلان

شاہد آفریدی کی باتوں سے دکھ ہوا مگر بڑا ہونے کے ناطے معاف کرتا ہوں٬شاہد آفریدی میرے ہاتھوں میں پروان چڑھا٬کھلاڑیوں کے مابین ایسی باتیں نہیں ہونی چاہیں٬ سابق کپتان کی گفتگو جاوید میاں داد سے ایسے ہی فیصلے کی توقع تھی٬آفریدی عدالت جاتے تو گڑے مردے نکلتی سرفرازنواز٬عامر سہیل ٬سعید اجمل اورعارف عباسی کا جاوید میانداد کے فیصلے پر ردعمل

منگل 11 اکتوبر 2016 17:36

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 11 اکتوبر2016ء)پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان جاوید میاںداد نے شاہد آفریدی کو معاف کرنے اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ شاہد آفریدی کی باتوں سے مجھے بہت دکھ ہوا٬مگر اس کے باوجود میں شاہد آفریدی کو معاف کرتاہوں٬آج 09محرم الحرام کا بڑا دن ہے٬اس لئے بڑا ہونے کے ناطے آفریدی کو معاف کرتا ہوں٬شاہد آفریدی میرے ہاتھوں میں پروان چڑھا٬کھلاڑیوں کے مابین ایسی باتیں نہیں ہونی چاہیں۔

وہ منگل کو نجی ٹی وی سے گفتگو کر رہے تھے۔انہوں نے کہا کہ شاہد خان آفریدی نے پہل کی ان کی باتوں کی وجہ سے میرا بہت دل دکھا٬میں اس وقت داتا دربار کی نگری میں کھڑا ہوں٬آج نو محرم الحرام کا بڑا دن ہے اس لئے شاہد خان آفریدی کو بڑا ہونے کے ناطے معاف کرتاہوں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ شاہد آفریدی میرے ہاتھوں پروان چڑھامیں نے شاہد آفریدی کی کوچنگ بھی کی شاہد آفریدی کو ایسی باتیں نہیں کرنی چاہیے تھی اور کھلاڑیوں میں ایسی باتیں ہونی بھی نہیں چاہیے۔

واضح رہے کہ جاوید میاں داد نے شاہد آفریدی کو فیئر ویل میچ کے حوالے سے تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا تھا کہ شاہد آفریدی کو اب بھی پیسوں کا لالچ ہے٬جس پر شاہد خان آفریدی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے جاوید میاں داد پر تنقید کے نشتر چلاتے ہوئے کہا تھا کہ جاوید میاں داد کا پیسہ ہمیشہ مسئلہ رہا ہے٬جاوید میاں داد بڑے کھلاڑی ہیں ان کو ایسی باتیں نہیں کرنی چاہیے تھیں٬جس پر جاوید میاں داد نے شاہد آفریدی پر الزامات لگاتے ہوئے کہا تھا کہ میں گواہ ہوں کہ شاہد آفریدی نے میچ فکس کیے٬شاہد آفریدی اپنے بچوں کے سر پر ہاتھ رکھ کرقسم کھا کر کہیں کہ اس نے میچ فکس نہیں کیے٬جس پر شاہد آفریدی نے جاوید میاں داد کے الزامات کو رد کرتے ہوئے ان کے خلاف قانونی چارہ جوئی کا عندیہ دیا تھا۔

دوسری جانب سابق کرکٹرز نے جاوید میاں داد کی جانب سے شاہد خان آفریدی کو معاف کرنے کے فیصلے کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ جاوید میاں داد نے بڑے پن کا مظاہرہ کیا٬اب شاہد آفریدی کو بھی اپنا دل صاف کرلینا چاہیے۔عامر سہیل نے کہا کہ جاوید میاں داد سے ایسے ہی فیصلے کی توقع تھی٬آفریدی عدالت جاتے تو گڑے مردے نکلتے اور عدالت جانے سے نیا محاذ کھل جاتا۔

سرفراز نواز نے کہا کہ جاوید میاں داد نے شاہد آفریدی کو معاف کرکے بڑے پن کا مظاہرہ کیا۔سعید اجمل نے کہا کہ جاوید میاں داد نے شاہد آفریدی کو معاف کرکے بڑے پن کا مظاہرہ کیا٬اب شاہد آفریدی کو بھی اپنا دل صاف کرلینا چاہیے۔پی سی بی آفریدی کو فیئر ویل میچ دے پی سی بی نے انضمام الحق کو بھی فیئر ویل میچ دیا تھا٬سابق چیئرمین پی سی بی عارف عباسی نے کہا کہ جاوید میاں داد بہت قابل احترام شخص ہیں٬میاں داد جیسا شخص غلط بات کرہی نہیں سکتا٬پاکستانی کرکٹ ٹیم میں جاوید میاں داد جیسے کھلاڑیوں کو آنا چاہیے۔(خ م)