یوسف نقاش کی شہید جنید کی رسم چہارم میں شرکت ٬فاتحہ خوانی کی

جنید کے بہیمانہ قتل سے یہ بات ثابت ہوگئی کٹھ پتلی وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی بھارت کی آلہ کار ہے٬ہ تعزیتی مجلس سے خطاب

منگل 11 اکتوبر 2016 16:58

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 اکتوبر2016ء) مقبوضہ کشمیرمیں کل جماعتی حریت کانفرنس کے رہنما اور اسلامک پولیٹکل پارٹی جموںو کشمیر کے سربراہ محمد یوسف نقاش حال ہی میں بھارتی فورسز کے ہاتھوں شہید ہونیوالے کشمیری طالب علم جنید احمد کے رسم چہارم میں شرکت کیلئے اس کے گھر گئے اور فاتحہ خوانی کی ۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق بارہ سالہ جنید جمعہ کو پیلٹ لگنے سے شدید زخمی ہوگیا تھا اور وہ ہفتہ کو صورہ ہسپتال میں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بساتھا۔

محمد یوسف نقاش کے ہمراہ پارٹی رہنماء نظیر احمد بٹ اور سجاد احمد لون بھی موجود تھے۔ اس موقع پر انہوںنے شہید جنید کے گھر پر منعقد ہ تعزیتی مجلس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جنید کے بہیمانہ قتل سے یہ بات پھر سے ثابت ہوگئی کہ کٹھ پتلی وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی بھارت کی آلہ کار ہے جبکہ دراصل جموںوکشمیر میں بھارتی فورسز کی حکومت قائم ہے جو جب چاہئیں کسی بھی قتل کر سکتی ہیں کیونکہ وہ کسی کو جواب دہ نہیں ۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہا کہ محبوبہ مفتی اس معصوم بچے کے قتل پر جوابدہ ہیں کیونکہ اس معصوم کے پاس نہ بندوق تھی اورنہ ہی وہ کوئی دہشت گرد تھا۔انہوںنے جنید کے قتل میں ملوث اہلکاروں کے خلاف سخت کارروائی کا بھی مطالبہ کیا ۔ حریت رہنماء نے سوگوار خاندان سے تعزیت اور ہمدردی کا اظہارکرتے ہوئے شہید جنید کی بلندی درجات کیلئے دعا کی ۔ انہوں نے جدوجہد آزادی کو اسکے منطقی انجام تک جاری رکھنے اور اس سلسلے میں کسی بھی قربانی سے دریغ نہ کرنے کے کشمیریوں کے عزم کااعادہ کیا ۔