میر واعظ کی کشمیریوں سے حضرت امام حسین ؓ کے نقش قدم پر چلتے ہوئے ظلم و تشدد کے باوجود حق و صداقت کا پرچم بلند رکھنے کی اپیل

منگل 11 اکتوبر 2016 16:58

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 اکتوبر2016ء)مقبوضہ کشمیرمیںجموںوکشمیر متحدہ مجلس علماء کے امیر واپنے حریت فورم کے چیئرمین میرواعظ عمر فاروق نے شہدائے کربلاخاص طور پر نواسہ رسول مقبول آنحضرت ﷺ سیدنا حضرت امام حسین ؓ کو زبردست الفاظ میں خراج عقیدت ادا کرتے ہوئے کہا ہے کہ انہوںنے باطل قوتوں کے سامنے جھکنے سے انکار کرکے تا قیامت حق و صداقت کے علم کو بلند رکھ کر حق پسندوں کیلئے ایک درخشندہ مثال قائم کی ہے ۔

کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق میر واعظ نے جو چشم شاہی سب جیل میں مسلسل نظربند ہیں سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہاکہ حضرت امام عالی مقامؒ اور شہدائے کربلا کو خراج عقیدت پیش کرنے کا بہترین طریقہ یہی ہے کہ ہم باطل افکار و نظریات اور جموںوکشمیر میں سرکاری دہشت گردی٬ قتل وغارت اور ظلم و جبر کے سامنے جھکنے کے بجائے حق و صداقت کے پرچم کو ہر حال میں بلند رکھنے کیلئے اپنی بھرپور کوششیں جاری رکھیں۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہاکہ انسانیت سوز مظالم اور جبر و قہر کے استبدادی حربوں کے سامنے جھکنا ہرگز حسینیت نہیں ہے ۔ لہٰذا ہمیں اس مرحلے پر اپنی حق پر مبنی جدوجہد حق خودارادیت کے نصب العین کے حصول کیلئے اجتماعی طور پر آگے بڑھنے کی خاطر بھر پور استقامت اور یکسوئی کا مظاہرہ کرنے کی اشد ضرورت ہے اور تب ہی ہم اپنی منزل کو حاصل کرسکتے ہیں۔