مقبوضہ کشمیر٬ کشمیری طالبعلموں کے امتحانات کیخلاف احتجاجی مظاہرے ٬گاندربل ٬پرنگ میں طلباء سڑکوں پرنکل آئی

منگل 11 اکتوبر 2016 16:53

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 اکتوبر2016ء)مقبوضہ کشمیر میں کے مختلف علاقوں میں دسویں اور بارہویں جماعت کے طلباء نے امتحانات کے انعقاد کے خلاف زبردست احتجاجی مظاہرے کئے۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق گاندربل اور کنگن کے علاقے پرنگ میںطالب علموں نے گورنمنٹ گرلز ہائر اسکنڈری سکول سالورہ سے ایک جلوس نکالا اور انتظامیہ سے 10ویںاور12ویں جماعت کے امتحانات ملتوی کرنے کا مطالبہ کیا ۔

انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں نامساعد حالات کی وجہ سے طلباء نے سال کا سلیبس بھی مکمل نہیں کیا جبکہ بھارتی فورسز نے پلیٹ گنوں سے فائرنگ کرکے بڑی تعداد میں کشمیری طلباء کی آنکھوں کی بینائی بھی چھین لی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جب تک حالات ساز گار نہیں ہوتے امتحانات موخر کئے جانے چاہئیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ مقبوضہ وادی میں کشیدہ حالات اور مسلسل کرفیو اور پابندیوں کے نفاذ کی وجہ سے طلباء کا گھروں سے نکلنا بھی مشکل ہے اورچپہ چپہ پر بھارتی فوجی کشمیریوں کو انتقامی کارروائی کا نشانہ بنانے کیلئے گھات لگائے بیٹھے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کشمیری طالب علم اس وقت ذہنی طور بھی امتحانات دینے کیلئے تیار نہیں ہیں۔ادھر پرنگ کنگن میں بھی طلبہ نے سری نگر لیہ شاہراہ پر احتجاجی مظاہرے کئے۔انہوں نے نومبر میں ہونے والے سالانہ امتحانات کو ملتوی کرنے کا مطالبہ کیا۔