ْہینڈی کرافٹس ایسوسی ایشن آف پاکستان کے نومنتخب عہدیداروں نے اپنی ذمہ داریاں سنبھال لیں

منگل 11 اکتوبر 2016 16:34

راولپنڈی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 اکتوبر2016ء) ہینڈی کرافٹس ایسوسی ایشن آف پاکستان کے نومنتخب عہدیداروں نے چارج سنبھال لیا۔ جمعہ خان نے ایسوسی ایشن کے صدر٬ طاہر نسیم نے سینیئر نائب صدر ٬ فہد برلاس نے نائب صدر اور نسیم بیگ نے جنرل سیکریٹری کے عہدوں کا چارج سنبھالا جبکہ خورشید برلاس راولپنڈی ہینڈی کرافٹ ایسوسی ایشن کے سابق صدر کی حیثیت سے اپنی ذمہ داریوں سے سبکدوش ہو گئے ہیں۔

پاکستان فیڈریشن چیمبرز آف کامرس کے صدر روئف عالم نے نو منتخب عہدیداروں سے حلف لیا۔ انہوں نے نئے عہدیداروں کو مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں ہینڈی کرافٹس کو ترقی دے کر آرٹسٹوں اور ہنر مندوں کو نمایاں مقام دلایا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہینڈی کرافٹس پوری دنیا میں پاکستان کی پہچان ہیں اور ان کو فروغ دے کر معاشی ترقی کے مقاصد حاصل کئے جا سکتے ہیں۔

(جاری ہے)

بلوچستان سے تعلق رکھنے والے گروپ لیڈر ہینڈی کرافٹ ایسوسی ایشن شیریں ارشد نے کہا کہ ہیڈی کرافٹس پاکستان کا عظیم ثقافتی ورثہ ہیں جن کی ترقی سے پاکستان کے ہر گوشے کے دستکاروںکو بہتر مواقع فراہم کیئے جائیں گے۔ ہینڈی کرافٹس ایسوسی ایشن آف پاکستان کے نئے صدر جمعہ خان نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی دستکاریوں کی چین٬ اٹلی٬ اور سری لنکا میں نمائش منعقد کی جائیں گی اور ہیڈی کرافٹس کو ہر سطح پر فروغ دینے کے اقدامات کئے جائیں گے۔

سبکدوش ہونے والے صدر خورشید برلاس نے اپنے خطاب میں سالانہ کارکردگی کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی اور کہا کہ پاکستان کے برانڈز پوری دینا میں پسند کئے جاتے ہیں اور اس طرح ہماری دستکاریوں کا مستقبل بھی روشن ہے۔ کراچی سے ایسوسی ایشن کے ممبران نے وڈیولنک کے ذریعے اجلاس میں شرکت کی۔ روبینہ خالد٬ آریانہ خان ٬ فہد برلاس٬ حلیم خان ٬ سہیل لاشاری ٬ظفر بختاوری٬ نیہید منظور ٬ سعدیہ وسیم ٬ عثمان خان ٬ سعید الطاف٬ دیا شیخ اور دیگر مقررین نے بھی اس موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کیا۔

متعلقہ عنوان :