مقبوضہ کشمیر میں بدترین مظالم کیخلاف طلباء کی بھارت مخالف ریلی 13اکتوبر کو نکالی جائیگی

ریلی اقوام متحدہ کے مبصر مشن تک جائیگی ‘احتجاجی یادداشت پیش کی جائے گی

منگل 11 اکتوبر 2016 16:30

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 11 اکتوبر2016ء) مقبوضہ کشمیر میں بدترین مظالم کے خلاف تعلیمی اداروں کے بچوں کی بھارت مخالف ریلی 13اکتوبر کو دن 12بجے آزادی چوک سے نکالی جائیگی جو اقوام متحدہ کے مبصر مشن تک جائیگی اور احتجاجی یادداشت پیش کی جائے گی۔ ریلی کے منتظم پاسبان حریت جموں وکشمیر کے سربراہ عزیر احمد غزالی نے میڈیا سے گفتگو کے دوران بتایا ہے کہ 13اکتوبر کی بھارت مخالف احتجاجی ریلی کیلئے دن 12بجے کا وقت مقرر کیا گیا ہے ۔

برہان مظفر وانی سے جنید شہید تک کشمیر میں بچوں کے قتل عام کے خلاف احتجاجی ریلی نکالی جارہی ہے ۔ ریلی آزادی چوک سے شروع ہوکر اقوام متحدہ کے مبصر مشن کے سامنے اختتام پذیر ہوگی ۔ اقوام متحدہ کے مبصر دفتر کے سامنے تعلیمی اداروں کے بچے احتجاجی دھرنا بھی دینگے اور مبصر مشن کو یادداشت پیش کی جائیگی جس میں اقوام متحدہ سے بھارتی فوج کے مظالم اور جنگی جرائم کے ارتکاب کی تحقیقات کیلئے فیکٹ فائنڈنگ مشن مقبوضہ کشمیر میں بھیجنے کا مطالبہ کیا جائیگا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں برہان مظفر وانی کی شہادت کے بعد مسلسل احتجاج کو چوتھا مہینہ شروع ہوچکا ہے ۔ وادی میں مسلسل کرفیو نافذ ہے ۔ پیلٹ اور بندوق کے استعمال سے ہرروز شہادتیں ہورہی ہیں ۔ شہداء میں بچے بھی شامل ہیں ۔ بدقسمتی سے اقوام متحدہ سمیت عالمی اداروں نے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم پر سرد مہری اختیار کررکھی ہے ۔ بھارت جیسے دہشتگرد ملک کو مظالم سے باز رکھنے کیلئے محض الفاظ کافی نہیں اس کیلئے اقوام متحدہ کو عملی اقدامات اٹھانے ہونگے ۔ کشمیر میں بھارتی جنگی جرائم کی تحقیقات اقوام متحدہ کا آئینی اور قانونی فرض ہے جسے وہ پورا کرنے میں ناکام رہا ہے ۔