ْآئی سی سی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی٬ میتھیوویڈ اور تبریز شمسی 25٬ 25 فیصد میچ فیس سے محروم

منگل 11 اکتوبر 2016 16:27

دبئی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 اکتوبر2016ء) انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے آئی سی سی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کرنے پر آسٹریلیا کے میتھیوویڈ اور جنوبی افریقہ کے تبریز شمسی پر میچ فیس کا 25٬ 25 فیصد جرمانہ عائد کر دیا۔ آسٹریلیا اور جنوبی افریقہ کے درمیان کھیلے گئے چوتھے ون ڈے میں دونوں کھلاڑی ایک دوسرے پر جملے کسنے اور پھر جسمانی طور پر تکرار کرتے دکھائی دیئے۔

(جاری ہے)

یہ واقع آسٹریلوی اننگز کے 17ویں اوور میں پیش آیا٬ شمسی اور ویڈ نے اوور شروع ہونے سے قبل پہلے ایک دوسرے پر جملے کسے اور بعدازاں دونوں آپس میں الجھ پڑے٬ ایمپائرز میں مداخلت کر کے معاملہ رفع دفع کیا۔ آئی سی سی نے ایمپائرز کی شکایت پر واقع کا نوٹس لیتے ہوئے دونوں کھلاڑیوں کو ضابطہ اخلاق کا مرتکب ٹھہراتے ہوئے میچ فیس کا 25٬ 25 فیصد جرمانہ عائد کر دیا۔ اس کے علاوہ دونوں کھلاڑیوں کو دو٬ دو ڈی میرٹ پوائنٹس بھی دیئے گئے۔ اگر اگلے چوبیس ماہ کے دوران دونوں کھلاڑیوں کو دو یا چار ڈی میرٹ پوائنٹس ملے تو انہیں ایک ٹیسٹ یا دو ون ڈے یا دو ٹی ٹونٹی میچز کیلئے معطل کیا جائے گا۔