2018ء تک 10 ہزار میگاواٹ سے زائد بجلی نیشنل گرڈ میں شامل کی جائے گی ‘ میاں عرفان دولتانہ

سماجی شعبے کی ترقی پر بھی کام کر رہے ہیں٬ آئندہ 18 ماہ میں مزید کئی ہسپتال تعمیر کئے جائیں گے‘ رکن پنجاب اسمبلی

منگل 11 اکتوبر 2016 13:22

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 اکتوبر2016ء) مسلم لیگ (ن)کے رکن پنجاب اسمبلی میاں عرفان دولتانہ نے کہا ہے کہ ہم توانائی کے چیلنجز پر قابو پانے کے لئے دن رات کام رہے ہیں اور توانائی کی قلت دور کرنے کیلئے کوشاں ہیں٬ 2018ء تک 10 ہزار میگاواٹ سے زائد بجلی نیشنل گرڈ میں شامل کی جائے گی اور 2018ء تک لوڈ شیڈنگ کا خاتمہ ہو جائے گا۔ اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ ہم نے بھاشا ڈیم کی اراضی کے حصول کیلئے 100 ارب روپے دیئے ہیں اور اب اراضی حاصل کرلی گئی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ہم تھر کی ترقی کے لئے بھی کام کر رہے ہیں اور اس علاقے میں کان کنی کا آغاز ہو چکا ہے جبکہ تھر میں کوئلہ سے چلنے والے بجلی گھر بھی نصب کئے جارہے ہیں ایسا گزشتہ 70 برس میں نہیں ہوا۔انہوں نے کہا کہ 46 ارب ڈالر لاگت کے پاک چین اقتصادی راہداری منصوبے کے تحت ملک میں بنیادی ڈھانچے کی ترقی کے منصوبے جاری ہیں٬ اس سے سب سے زیادہ فائدہ بلوچستان کو ہوگا۔ ملک میں ایک ہزار ارب روپے کی لاگت سے موٹر ویز/شاہرات تعمیر کی جا رہی ہیں٬ ہم سماجی شعبے کی ترقی پر بھی کام کر رہے ہیں٬ آئندہ 18 ماہ میں مزید کئی ہسپتال تعمیر کئے جائیں گے۔