جو وزیر خزانہ پاکستان دشمنی کرے گا وہ یقینا آئی ایم ایف کا بہترین دوست ہی ہو گا ‘عابد حسین صدیقی

پیر 10 اکتوبر 2016 22:20

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 اکتوبر2016ء) پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما عابد حسین صدیقی نے وزیر خزانہ کو آئی ایم ایف کی طرف سے ایوارڈ دیئے جانے پر طنزیہ ردِ عمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ موصوف کی کارکردگی کے مطابق یہ ایوارڈ تو بہت کم حیثیت رکھتا ہے اسحاق ڈار نے جو کچھ آئی ایم ایف کے لئے کیا اس کے بدلے میں اور بہت سے اعلیٰ اعزاز ملنے چاہیں۔

بجلی نو روپے سے بائیس روپے فی یونٹ٬ گیس کے بل ڈبل٬ پٹرول 145 ڈالر فی بیرل سے 30 روپے فی بیرل پر آنے کے باوجود پٹرول کی قیمتوں میں اُس تناسب میں کمی نہیں کی گئی لنڈے کے کپڑے جو مفت میں آتے ہیں اُن پر 5 فیصد جی ایس ٹی عائد کی گئی تو اس لحاظ سے تو اُن کو ایک نہیں کئی اعلیٰ ایوارڈز سے نوازا جانا چاہیے انہوں نے کہا کہ جتنی پاکستان دشمنی کا ثبوت وزیر خزانہ نے دیا ہے اس کی مثال نہیں ملتی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ جو وزیر خزانہ پاکستان دشمنی کرے گا وہ یقینا آئی ایم ایف کا بہترین دوست ہی ہو گا اور اُن کے لئے بہترین وزیر خزانہ اور کون ہو سکتا ہے۔ اسحاق ڈار پاکستان کے نہیں آئی ایم ایف کے وزیر خزانہ ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان میں پیدا ہونے والا ہر بچہ ڈیڑھ لاکھ کا مقروض پیدا ہوتا ہے یہ کارنامہ موجودہ حکومت ہی کی مرہون منت ہے عوام بھوک کی وجہ سے خودکشیاں کر رہے ہیں۔ ملکی کاروبار نہ ہونے کی وجہ سے بیروزگاروں میں خطرناک حد تک اضافہ ہو گیا ہے اور ہمارے وزیر خزانہ ایوارڈ وصول کر رہے ہیں جو غریب عوام کے ساتھ دھوکا ہے۔

متعلقہ عنوان :