اسلامی یونیورسٹی میں پاور الیکٹرانکس کے موضوع پر ورکشاپ کا انعقاد

پیر 10 اکتوبر 2016 22:04

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 10 اکتوبر2016ء)بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی کے زیر اہتمام ’’پاور الیکٹرانکس ‘‘ کے موضوع پر دو روزہ قومی ورکشاپ کا انعقاد کیا گیا جس میں شعبہ انجینئرنگ کے ماہرین اور اساتذہ سمیت 250 سے زائد طلباء نے شرکت کی۔ جامعہ کے فیصل مسجد کیمپس میں منعقدہ اس ورکشا پ کا اہتمام جامعہ کی فیکلٹی آف انجینئرنگ نے کیا تھاجس میں پاور کنورٹرز٬ ونڈ پاور انٹیگریشن جیسے موضوعات پر لیکچر دیے گئے۔

اس ورکشاپ میں کئی ایک ماہرین نے لیکچرز دیے جن میں لمز کے پروفیسر نعمان احمد ظفر٬ نسٹ کے ڈاکٹر سید رضا کاظمی٬ یو ای ٹی کے ڈاکٹر عبدالباسط اور اسلامی یونیورسٹی کے انجینئر طلحہ محمد نے لیکچر دیے ۔ورکشاپ سے صدر جامعہ ڈاکٹر احمد یوسف الدریویش نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ ٹیکنالوجی عصر حاضر میں ترقی کی منزل کو حاصل کرنے کا سب سے بڑ ا ذریعہ ہے۔

(جاری ہے)

ان کا مزید کہنا تھا کہ ٹیکنالوجی کے شعبہ میں ترقی کی رفتار دگنی ہو چکی ہے اور اس شعبے پر خصوصی توجہ وقت کی اہم ضرورت ہے ۔ صدر جامعہ نے کہا کہ پاکستان پوری دنیا میں با صلاحیت انجینئرز کی وجہ سے جانا جاتا ہے اورسعودی عرب میں پاکستانی انجینئرز کی ایک بہت بڑی تعداد احسن طریقے سے خدمات سر انجام دے رہی ہے ۔ ڈاکٹر الدریویش نے ورکشاپ کے کامیاب انعقاد پر فیکلٹی سٹاف اور ورکشاپ انتظامیہ کی کاشوںکو بھی سراہا۔

ورکشاپ سے خطاب کرتے ہوئے فیکلٹی کے ڈین ڈاکٹر اقدس نوید ملک نے کہا کہ اس ورکشاپ کا مقصد پاور الیکٹرانکس پر جامع لیکچرز کا انعقاد تھا٬ تاکہ تحقیق کے شعبہ میں اس ضمن میں نئی راہیں تلاش کی جا سکیں۔ انہو ں نے کہا کہ اس پلیٹ فارم سے طلباء اورماہرین کے مابین رابطہ بھی اس ورکشاپ کی بڑی کامیابی ہے۔انہوں نے ورکشاپ کے انعقاد کے لیے منتظم اعلیٰ پروفیسر ڈاکٹر محمد عامر اور سیکرٹری انجینئر طلحہ محمد کی کا وشوں کی بھی تعریف کی۔