صوبے کی ترقی پر خصوصی توجہ مرکوز ہیِ٬ وزیر اعلیٰ سندھ

پیر 10 اکتوبر 2016 21:40

کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 اکتوبر2016ء) وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ انہوں نے صوبے کی ترقی پر خصوصی توجہ مرکوز کی ہوئی ہے لہذا حلقے کے حساب سے ترقیاتی ڈیٹا تیار کیا جا رہا ہے٬ تاکہ ایک اسکیم کی ڈپلیکیشن سے بچا جا سکے اور کام بروقت مکمل ہو سکے۔ جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق انہوں نے یہ بات پیر کو وزیر اعلیٰ ہائوس میں انفارمیشن ٹیکنالوجی سیل (آئی ٹی سی)کے افتتاح کے موقع پر کہی۔

وزیراعلیٰ سندھ کے پرنسپل سیکریٹری نوید کامران بلوچ نے وزیراعلیٰ سندھ کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ نیا قائم کیا جانے والا آئی ٹی سی بطور ڈیٹا سیل کے کام کرے گا٬ جہاں پر ترقیاتی اسکیموں کا حلقے کے حساب سے ان پر کام شروع ہونے٬ فنڈز کے اجراء٬ تکمیل کی تاریخ٬ ایگزیکیوٹنگ اتھارٹی اور پروجیکٹ ڈائریکٹر سے متعلق ریکارڈ رکھا جائیگا۔

(جاری ہے)

وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا کہ اس طرح کا ریکارڈ رکھنے سے اسکیموں کی ڈپلیکیشن سے بچنے میں مددگار ثابت ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ اسکیموں کی ڈپلیکیشن باالخصوص اسکولوں کے حوالے سے ایک مسئلہ رہا ہے اور یہی وجہ ہے کہ محکمہ تعلیم میں 2000سے زائد اسکولوں کو ناقابل عمل ڈکلیئر کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ حکومت کیلئے بھی آسان ہوگاکہ وہ سسٹم کو فعال بنانے کیلئے اس کی ضروریات کا احاطہ کر سکے۔ پرنسپل سیکریٹری نے کہا کہ سسٹم آپریشنل تھا مگر ا سے فائنل ٹچ دینے کی ضرورت تھی۔

سید مراد علی شاہ نے کہا کہ یہ کمپیوٹر کا دور ہے اور تمام معلومات آپ کے موبائل فون٬ آئی پیڈ یا لیپ ٹاپ پر ایک سنگل کلک کے فاصلے پر ہونی چاہیے اور یہی سب کچھ میں کر رہا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی بجٹ٬ ترقیاتی پورٹ فولیو٬ فنڈز کا اجراء٬ اس کا استعمال اور اگر دیگر مسائل سب کا وہ اپنے آئی پیڈ میں ان کا ریکارڈ رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اب میں چاہتا ہوںکہ اسے حلقے کی سطح پر مزید تقسیم کیا جائے٬تاکہ ایک چھوٹے سے یونٹ (حلقہ)کابھی ترقیاتی ڈیٹا دستیاب ہو سکے۔

انہوں نے کہا کہ اس سے حکومت کی جانب سے صوبے کے لوگوں کوانکے حلقے کی سطح پر جہاں وہ رہ رہے ہیں بہتر سے بہتر سہولیات مہیا ہو سکے گی۔ پرنسپل سیکریٹری نے وزیراعلیٰ سندھ کو بتایا کہ یہ اسکیم 1.6ملین روپے کی لاگت سے مکمل ہوئی ہے اور اس کا علیحدہ سرور ہے اور متعلقہ ایم پی ایز اور افسران کی قابل رسائی میں ہوگا۔ وزیراعلیٰ سندھ نے پرنسپل سیکریٹری کو ہدایت کی وہ ان کے زیر صدارت منعقد ہر ایک اجلاس اور وقتاً فوقتاً ان کی جانب سے جاری ہونے والی ہدایات کا بھی ریکارڈ رکھیں۔

متعلقہ عنوان :