سانحہ صفورا میں ایک اور بڑی پیش رفت سامنے آگئی٬ انتہائی مطلوب ملزم حاجی بلوچ کا سراغ مل گیا

پیر 10 اکتوبر 2016 21:30

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 اکتوبر2016ء) سانحہ صفورا میں ایک اور بڑی پیش رفت سامنے آگئی٬ انتہائی مطلوب ملزم حاجی بلوچ کا سراغ مل گیا۔ نائن الیون حملوں کے مرکزی ملزم خالد شیخ محمد کا بھتیجا بلوچستان میں موجود ہے۔معصوم شہریوں کو خون میں نہلانے کا ناپاک منصوبہ بنانے والے کا سراغ لگ گیا۔ تحقیقاتی حکام کو سب سے زیادہ مطلوب حاجی بلوچ کی اہم معلومات مل گئیں۔

ذرائع کے مطابق انتہائی مطلوب عبدالقادر عرف انور عرف حاجی بلوچ جو یوسف رمزی کا بھائی اور خالد شیخ محمد کا بھیتجا ہے٬ اِن دنوں سخت بیمار ہے۔انٹیلی جنس رپورٹ کے مطابق گردوں کے مرض میں مبتلا حاجی بلوچ علاج کرانے کی کوششوں میں ہے لیکن سیکیورٹی اداروں کی سخت نگرانی کی وجہ سے بلوچستان کے علاقے وڈھ سے نہیں نکل پا رہا۔

(جاری ہے)

بھارتی ایجنٹ کلبھوشن پہلے ہی حاجی بلوچ سے رابطوں کا انکشاف کرچکا ہے٬ حاجی بلوچ پچھلے سال مئی میں سانحہ صفورا سمیت دہشت گردی کے بڑے واقعات میں مطلوب ہے۔

واضح رہے کہ 13 مئی سال 2015 کو اسماعیلی برادری کی بس الاظہر گارڈنز سے منزل کی جانب رواں دواں تھی کہ صفوار گوٹھ کے قریب ملسح دہشت گردوں نے بس میں چڑھ کر اندھا دھند فائرنگ کرکے 43 افراد کو قتل کردیا تھا٬ جب کہ حملے میں تیراہ افراد زخمی ہوئے تھے۔