ٹریننگ انسان کے اندر موجود صلاحیتوں کو ابھارنے کا بہترین ذریعہ ہے٬ڈپٹی ڈائریکٹر ٹریننگ فیسکو

پیر 10 اکتوبر 2016 21:10

فیصل آباد ۔10 اکتوبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 اکتوبر2016ء) ڈپٹی ڈائریکٹرٹریننگ فیسکوعمار امتیاز نے کہا ہے کہ ٹریننگ انسان کے اندر موجود صلاحیتوں کو ابھارنے کا بہترین ذریعہ ہے ٬ ملازمین کو چاہئے کہ وہ ٹریننگ سے حاصل کردہ تجربات اور مہارت کو اپنی عملی زندگی اور پیشہ ورانہ فرائض کی ادائیگی میں استعمال کر کے محکمہ اور صارفین کو فائدہ پہنچائیں٬ وہ ریجنل ٹریننگ سنٹرفیصل آباد میںفٹرون سے اسسٹنٹ فورمین اور فٹرسیکنڈ سے فٹر ون (جی ایس او)کی پروموشن ٹریننگ کلاس کی تقریب تقسیم اسناد سے خطاب کر رہے تھے۔

انھوں نے کہا کہ موجودہ حالات اس بات کے متقاضی ہیں کہ ملازمین اپنے تجربات اور پیشہ وارانہ صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے صارفین کو زیادہ سے زیادہ سہولیات بہم پہنچائیں انہی اقدامات سے محکمہ ترقی کی منازل طے کرے گااورصارفین بھی مطمئن ہوں گے ۔

(جاری ہے)

انھوں نے کہا کہ ہمارا دین کامل ہمیں رزق حلال کے حصول کا درس دیتا ہے ۔اگر ہم ان دینی احکامات پر عمل پیرا ہوں تو نہ صرف دنیا میں اس کا پھل ملے گابلکہ آخرت میں بھی اس کا اجر حاصل ہو گا۔

انہوں نے کورس کے شرکاء کو محنت اور خلوص نیت سے کام کرنے کی ہدایت کی ۔اس موقع پراسسٹنٹ ڈائریکٹر ٹریننگ سردار عبدالرشید٬انسٹرکٹرز میاں عبدالجبار٬کبرال سعید اورعامر شہزاد بھی موجود تھے۔پروموشن ٹریننگ میں کل11امیدواروں نے شرکت کی جس میں محمد افضل انصاری نے پہلی ٬ندیم حیدر نے دوسری جبکہ مجاہد اقبال نے تیسری پوزیشن حاصل کی ۔تقریب کے آخر میں ٹریننگ کامیابی سے مکمل کرنے والے ملازمین میں سر ٹیفکیٹ تقسیم کئے گئے ۔