فیصل آباد٬امن٬برداشت اور رواداری کے موضوع پر سیمینار کا انعقاد٬ سماجی ترقی کیلئے پائیدار امن کاقیام ناگزیزہے ٬ خالد سعید

پیر 10 اکتوبر 2016 21:10

فیصل آباد۔10 اکتوبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 اکتوبر2016ء) حکومت پنجاب کی ہدایات پر ڈویژنل انفارمیشن آفس کے زیر اہتمام امن٬برداشت اور رواداری کے موضوع پر سیمینار تنظیم اللسان کے مرکزی کیمپس کے آڈیٹوریم میں منعقد ہوا جس میں ایم پی اے سعیدمہمان خصوصی تھے جبکہ ممبر اتحاد بین المسلمین پنجاب مولانا محمد یوسف انورنے سیمینار کی صدارت کی۔

صاحبزادہ محمد منشا سالک٬علامہ خالد محمود اعظم آبادی٬عبدالقیوم انور کے علاوہ عصمت اکرام٬ڈپٹی ڈائریکٹر انفارمیشن سبحان علی٬جنرل سیکرٹری تنظیم اللسان افتخار احمد٬مختلف شعبہ یائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد اور تنظیم اللسان میں زیر تعلیم طالب علم اور اساتذہ کی بڑی تعداد سیمینار میں موجود تھی۔

(جاری ہے)

ایم پی اے خالد سعید نے سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سماجی ترقی کیلئے پائیدار امن کاقیام ناگزیزہے جو تحمل٬برداشت٬بردباری اور ہم آہنگی کا متقاضی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ صوبہ بھر میں امن و امان کی صورتحال کو ہمہ وقت برقرار رکھنا حکومت پنجاب کی اولین ترجیح ہے جس کیلئے ہمہ جہت نوعیت کے اقدامات کئے جارہے ہیں تاہم معاشرے میں صبرو تحمل٬اخوت ٬بھائی چارے٬مذہبی رواداری اور اتفاق و اتحاد کے جذبات کو فروغ دے کر امن عامہ کی فضاء کو خوشگوار بنایا جاسکتا ہے جس کیلئے حکومت کے ساتھ ساتھ ہر فرد کا کردار انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔

انہوں نے کہا کہ اسلام وپاکستان دشمن قوتیں ہمارا امن تباہ کرنے کے درپے ہیں جن کے مذموم مقاصد کو ناکام بنانے کیلئے ہمیں اپنی صفوں میں اتحاد برقرار رکھنا ہوگا۔ایم پی اے خالد سعید نے امن٬برداشت اور رواداری سیمینار کے انعقاد کے سلسلے میں انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ پنجاب کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ محرم الحرام کے حساس ایام میں امن کی ضرورت زیادہ بڑھ جاتی ہے جس کیلئے درکار تقاضوں کا پوری طرح احساس ہونا چاہئے۔

ممبر اتحاد بین المسلمین پنجاب مولانا محمد یوسف انور نے کہا کہ دین اسلام کے سنہری اصولوںصبر وتحمل٬برداشت اور رواداری پر عمل پیرا ہو کر دائمی امن کی بنیاد مضبوط کی جاسکتی ہے۔انہوں نے کہا کہ باطل قوتوں کے خلاف مضبوط قومی اتحاد وقت کاتقاضا ہے اور اتحاد واتفاق کا مظاہرہ کرنے پر اللہ تعالیٰ کی طرف سے بھی مدد و نصرت ملتی ہے ٬ علماکرام نے بھی ہمیشہ منبر ومحراب سے صبر٬برداشت اور رواداری کا درس دیا ہے۔

انہوں نے وطن عزیز کو دہشتگردوں سے پاک کرکے امن کا گہوارہ بنانے کے سلسلے میں حکومت اور افواج پاکستان کی کامیاب کوششوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے موجودہ وقت کے اہم موضوع پر سیمینار کے انعقاد پر انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ کی کاوشوں کو سراہا۔صاحبزادہ منشاسالک نے کہا کہ اسلام بنیادی طور پر امن کا مذہب ہے اور بھائی چارے کی مثالی فضاء کو پروان چڑھا کر گلی گلی امن قائم کیا جاسکتا ہے۔

علامہ خالد محمود اعظم آبادی نے کہا کہ اغیار وطن عزیز کو مضبوط٬پرامن اور ترقی کرتا نہیں دیکھ سکتے ہمیں دشمن کی چالوں کو سمجھنا چاہیے اور قومی اتحاد کا مثالی مظاہرہ کرتے ہوئے طاغوتی طاقتوں کو پیغام دینا ہے کہ ہمارا اتحاد چٹان کی طرح مضبوط ہے اور آپس میں مکمل یکجہتی٬اخوت و یگانگت رکھتے ہیں اور ملک کی سلامتی پر آنچ نہیں آنے دیں گے۔

ڈپٹی ڈائریکٹر انفارمیشن سبحان علی نے کہا کہ وزیر اعلیٰ محمد شہبار شریف کی قیادت میں حکومت پنجاب صوبہ بھر میں بھائی چارے٬رواداری٬برداشت کے جذبات کو فروغ دینے کیلئے اقدامات کر رہی ہے اور محرم الحرام کے اہم ماہ میں صوبہ کے تمام اضلاع میں امن٬ برداشت اور رواداری کے موضوع پر سیمینار کا انعقاد اسی سلسلے کی کڑی ہے۔انہوں نے کہا کہ واقعہ کربلا سے بھی ایثار و قربانی٬صبر و تحمل اور برداشت کا بہترین درس ملتا ہے ضرورت اس امر کی ہے کہ ہم آپس میں اتحاد و اتفاق کے رہنما اصولوں کو قائم دائم رکھیں تاکہ کسی بدبخت کو امن میں خلل ڈالنے کی جرأت نہ ہو ٬جنرل سیکرٹری تنظیم اللسان افتخار احمد نے مہمانوں کی آمد کا شکریہ ادا کیا٬ اس موقع پر ملک و قوم کی ترقی و خوشحالی٬امن و سلامتی٬صبر و تحمل٬ برداشت٬ رواداری اور محرم الحرام کے باقی ایام میں مذہبی ہم آہنگی کی خصوصی دعا بھی کی گئی۔