بلاول بھٹو کی وزیراعلی سندھ ٬پیپلزپارٹی کے ارکان پارلیمنٹ کومحرم کے دوران مذہبی ہم آہنگی برقراررکھنے کیلئے اپنے علاقوں کے دورے ٬قیام امن کیلئے انتظامیہ کیساتھ تعاون کی ہدایت

پیر 10 اکتوبر 2016 20:30

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 اکتوبر2016ء) پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے وزیراعلی سندھ اورپیپلزپارٹی کے ارکان پارلیمنٹ کومحرم الحرام کے دوران مذہبی ہم آہنگی برقراررکھنے کے لیے اپنے اپنے علاقوں کے دورے کرنے قیام امن کے لیے انتظامیہ کے ساتھ تعاون کی ہدایت کردی ہے۔ بلاول بھٹو نے پیر کو وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ کو فون کیا اور ان سے محرم الحرام کے دوران سکیورٹی انتظامات کے حوالے سے معلومات حاصل کیں ۔

(جاری ہے)

سید مراد علی شاہ نے پارٹی چیئرمین کو محرم الحرام کے سکیورٹی پلان کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی ۔انہوںنے کہا کہ حکومت سندھ کی بھرپور کوشش ہے کہ عزاداروں کو کسی قسم کی کوئی مشکل پیش نہ آئے ۔اس حوالے سے بہتر انتظامات کیے گئے ہیں ۔بلاول بھٹو زرداری نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سندھ بھر میں محرم الحرام کے جلوسوں کی سکیورٹی کو یقینی بنایا جائے ۔ارکان اسمبلی اپنے حلقوں میں ماتمی جلوسوں میں شرکت کریں ۔انہوںنے ہدایت کی کہ وزیراعلی سندھ اور صوبائی وزراء سندھ بھر کی صورت حال کو خود مانیٹر کریں اورقیام امن کے لیے تمام وسائل کوبروئے کارلایا جائے ۔