بین الاقوامی انعام ملنے پرایف پی سی سی آئی کی وزیر خزانہ کو مبارکباد

پیر 10 اکتوبر 2016 20:10

کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 اکتوبر2016ء) یونائٹیڈ بزنس گروپ کے چیئرمین افتخار علی ملک ٬ایف پی سی سی آئی کے صدر عبدالرئوف عالم٬ فیڈریشن میں2017ء کیلئے یو بی جی کے صدارتی امیدوار زبیر طفیل٬ یو بی جی کے ترجمان گلزار فیروز نے وزیر خزانہ اسحاق ڈار کو جنوبی ایشیاء کا بہترین وزیر خزانہ کا ایوارڈ ملنے پر انہیں مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ اس انعام کے حقدار ہیں کیونکہ انہوں نے ایک ڈوبتی ہوئی معیشت کو نہ صرف مسائل سے نکالا بلکہ اسے ترقی کے راستے پر بھی ڈال دیا ہے۔

وزیر خزانہ کو انعام ملنا صرف انکا نہیں بلکہ ساری پاکستانی قوم کا اعزاز ہے۔ اپنے بیانات میں مذکورہ تاجر رہنمائوں نے کہا کہ پاکستان کی کاروباری برادری پہلے ہی وزیر خزانہ کی صلاحیتوں کی معترف بھی ہے جبکہ دنیا کے درجنوں اہم اداروں نے ان کی کامیاب اقتصادی پالیسیوں پر مہر تصدیق ثبت کی ہے جو ہمارے لئے فخر کا مقام ہے٬ اب انہیں ایک اور انعام دیا گیا ہے جو ان کی پالیسیوں پر بین الاقوامی اداروں کے اعتماد کا ثبوت ہے۔

(جاری ہے)

ایف پی سی سی آئی کے صدر عبد الرئوف عالم نے کہا کہ وزیر خزانہ کی پاکستان کیلئے خدمات کسی سے ڈھکی چھپی نہیں اور انہیں وزیر اعظم سمیت پوری کابینہ کا مکمل اعتماد حاصل ہے٬ ان کی شبانہ روز کوششوں کے سبب معیشت مستحکم ہو رہی ہے جسے بین الاقوامی سطح پر تسلیم بھی کیا جا رہا ہے۔ پاکستان کی تمام سٹاک مارکیٹوں میں انضمام ہوگیا ہے٬ زر مبادلہ کے ذخائر مستحکم ہیں٬ روپے کی قدر برقرار ہے جبکہ ملکی قسمت بدلنے والے منصوبہ اقتصادی راہداری پر کام جاری ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ حکومت اقتصادی پالیسیوں کا تسلسل جاری رکھے گی تاکہ پاکستان ایک اہم اقتصادی قوت بن کر ابھر سکے۔