اسلام آباد ہائی کورٹ نے ایف سیون مرکز میں نجی شاپنگ مال کو سیل کرنے کا معاملہ 25 اکتوبر تک حل کرنے کا حکم دیدیا

پیر 10 اکتوبر 2016 20:00

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 اکتوبر2016ء)اسلام آباد ہائی کورٹ نے ایف سیون مرکز میں نجی شاپنگ مال کو سیل کرنے کا معاملہ 25 اکتوبر تک حل کرنے کا حکم دیدیا۔ اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس عامر فاروق نے الصفاء گولڈ مال کو سیل کرنے کے کیس کی سماعت کی۔ دوران سماعت عدالت نے چیئرمین سی ڈی اے کو ممبر پلاننگ کے سامنے پیش ہونے کی ہدایت کردی۔

(جاری ہے)

عدالت نے سی ڈی اے کے وکیل سے استفسار کیا کہ انکوائری رپورٹ میں کوئی پیشرفت ہوئی ہے جس پر سی ڈی اے کے وکیل نے عدالت کا آگاہ کیا کہ انکوائری مکمل ہوچکی تھی لیکن چیئرمین سی ڈی اے نے دوبارہ انکوائری کا حکم دیا ہے٬ انکوائری رپورٹ میں کہا گیا کہ غیر قانونی طریقے سے تعمیر کئے گئے پانچ سے آٹھ فلور کو ختم کیا جائے٬ اس معاملہ میں ملوث ڈائریکٹر اور ڈپٹی ڈائریکٹر کے خلاف انضباطی کاروائی کی جائے٬جس پر جج نے شاپنگ مال کے وکیل سے استفسار کیا کہ کیا ساتویں فلور پر سینیما چل رہا ہے۔

وکیل نے عدالت کا آگاہ کیا کہ ساتواں فلور ابھی زیر تعمیر ہے۔ عدالت نے حکم دیا ہے اگر 25 اکتوبر تک سی ڈی اے نے معاملہ حل نہ کیا تو عدالت میرٹ پر فیصلہ کرے گی۔ سماعت 25 اکتوبر تک ملتوی کردی گئی ہے۔