اقوام متحدہ ٬ اسلامی سربراہی کانفرنس ٬ عرب لیگ اور عالمی انسانی حقوق کے ادارے فوری طور پر اس کا نوٹس لیں٬طاہر محمود اشرفی

حکومت پاکستان اور دیگر اسلامی ممالک مسلمانوں کے مرکز سعودی عرب کے خلاف ہونے والی سازشوں کو روکنے کیلئے اپنا کردار ادا کریں٬چیئرمینپاکستان علما کونسل

پیر 10 اکتوبر 2016 20:00

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 10 اکتوبر2016ء) پاکستان علما کونسل کے مرکزی چیئرمین حافظ طاہر محمود اشرفی نے کہاکہ حوثی باغیوں اور دیگر دہشت گرد ملکوں کی طرف سے سعودی عرب کی سر حد پر جمع ہونے کا اعلان اور مسلسل سعودی عرب کے شہروں پر میزائل حملے قابل افسوس اور نہ قابل قبول ہیں٬ اقوام متحدہ ٬ اسلامی سربراہی کانفرنس ٬ عرب لیگ اور عالمی انسانی حقوق کے ادارے فوری طور پر اس کا نوٹس لیں۔

حکومت پاکستان اور دیگر اسلامی ممالک مسلمانوں کے مرکز سعودی عرب کے خلاف ہونے والی سازشوں کو روکنے کیلئے اپنا کردار ادا کریں۔ اپنے ایک بیان میں انہوںنے کہاکہ ایک پلاننگ کے تحت حوثی باغیوں اور علی عبد اللہ صالح کے گروپوں کو مسلح کیا گیا اور ایران کی طرف سے ان گروپوں کی مدد کے نتیجہ میں گذشتہ دو سال سے مسلسل سعودی عرب کے شہریوں اور شہروں کو نشانہ بنایا جا رہا ہے۔

(جاری ہے)

گذشتہ روز ایک جنازے پر ہونے والے حملے کو بنیاد بنا کر سعودی عرب کے خلاف جارحیت کے اعلان کیے جا رہے ہیں جبکہ سعودی عرب اور عرب اتحاد خود اس حملے کی مذمت کر چکا ہے اور اقوام متحدہ سمیت دنیا کے تمام اداروں کو تحقیقات کیلئے کہہ چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مشکل حالات میں پاکستان اور دیگر اسلامی ممالک کو کسی صورت سعودی عرب کو تنہا نہیں چھوڑنا چاہیے۔

حکومت پاکستان فوری طور پر عسکری اور سیاسی قائدین کا ایک وفد سعودی عرب روانہ کرے اور سعودی عرب کی عوام اور حکومت سے ہر سطح پر تعاون کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ جمعتہ المبارک 14 اکتوبر کو ملک بھر میں سعودی عرب کے ساتھ یکجہتی کے دن کے طور پر منایا جائے گا۔ وفاق المساجد پاکستان سے متصل 74000 سے زائد مساجد میں سعودی عرب کے ساتھ یکجہتی کا اظہار اور سعودی عرب کے ساتھ مکمل تعاون کی قراردادیں منظور کی جائیں گی۔