غریب عوام پر''گیس بم''گرایا جا رہا ہے٬ حکومت اپنے اللوں تللوں پر غور کرے 'عبدالعلیم خان

غیر ملکی قرضو ں میں روزانہ کی بنیاد پر اضافہ ہو رہا ہے ٬حکومتی رپورٹوں نے اصل کارکردگی کا پول کھول دیا'گفتگو

پیر 10 اکتوبر 2016 20:00

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 10 اکتوبر2016ء) تحریک انصاف سنٹرل پنجاب کے صدر عبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ غریب عوام پر گیس بم گرایا جا رہا ہے حکومت گیس کی قیمتوں میں 36فیصد اضافے کی بجائے اپنے اللوں تللوں پر غور کرے ٬پہلے سے پسے ہوئے طبقے کا اب چولہا بھی بند کیا جا رہا ہے عوام دشمن پالیسیاں نواز لیگ کی پہچان بن چکی ہیں اپنے ایک بیان میں انہوںنے کہا کہ حکومتی اداروں کا نظم و نسق بہتر بنانے کی بجائے انہیں کھلی چھٹی دے رکھی ہے اور اوگرا جیسے ادارے سفید ہاتھی بن چکی ہیں جنہوں ٹیکسوں میں اضافے اور گیس کی قیمتیں بڑھانے کے علاوہ کوئی اور کام نہیں۔

عبدالعلیم خان نے کہا کہ گیس کی قیمت مہنگی ہونے سے گھریلو صارفین کے علاوہ صنعتوں میں بے تحاشا بوجھ پڑے گا اور صنعتی ترقی کو ناقابل تلافی نقصان پہنچے گا ۔

(جاری ہے)

عبدالعلیم خان نے کہا کہ 36فیصد کا بے تحاشا اضافہ ناقابل قبول ہے جس پر تحریک انصاف ایوانوں کے اندر اور باہر احتجاج کرے گی ۔انہوں نے کہا کہ سٹیٹ بینک اور حکومتی اداروں کی رپورٹوں نے اصل کارکردگی کا پول کھول دیا ہے جس کے مطابق غیر ملکی قرضو میں روزانہ کی بنیادوں پر اضافہ ہو رہا ہے جبکہ وزارت خزانہ من پسند پراپیگنڈہ میں مصروف ہے ۔

دریں اثنا تحریک انصاف کے ایم پی اے شعیب صدیقی نے این ای122کی یونین کونسل 118میں عاشورہ کے حوالے سے انتظامیہ سے اجلاس منعقد کیا انہوں نے کہا کہ 10محرم الحرام تمام مسلمانوں کیلئے احترام اور ادب کا دن ہے اور پی ٹی آئی کے کارکنوں کو عاشورہ میں امن و امان کے قیام ٬مذہبی ہم آہنگی اور بھائی چارے کے فروغ میں اپنا کردار ادا کرنا چاہیے اس موقع پر سلیم شبراتی٬ ناصر صدیقی٬ مبین کمبوہ٬حافظ عامر ٬ ملک جاوید یوسف٬ باجاوید طارق٬ظفر عباس زیدی اور محمد عمران ورک بھی موجود تھے ۔

متعلقہ عنوان :