اسلام آباد میں ایٹمی طاقت ہونے کی نشانی یادگار چاغی پہاڑ کو گرائے جانے کیخلاف مذمتی قرار داد پنجاب اسمبلی میں جمع

حکومت غیر ایٹمی پاکستان کی طرف بڑھ رہے ہیں یا کسی بیرونی آقا کی ایماء پر ایسا کیا گیا ہے‘ اپوزیشن لیڈر میاںمحمود الرشید

پیر 10 اکتوبر 2016 19:30

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 اکتوبر2016ء) قائد حزب اختلاف میاں محمود الر شید نے اسلام آباد میں ایٹمی طاقت ہونے کی نشانی یادگار چاغی پہاڑ کو گرائے جانے کیخلاف مذمتی قرار داد پنجاب اسمبلی جمع کرادی۔ اپوزیشن لیڈر کا کہنا ہے کہا ہے کہ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں موجود پاکستان کے ایٹمی طاقت ہونے کی نشانی یاد گار چاغی پہاڑ کے ماڈل کو مسامار کر دیا گیا ہے٬ شہریوں میں اس حوالے سے سخت بے چینی پائی جا رہی ہے اور اسلام آباد میں اس حوالے سے مختلف چہ مگوئیاں جاری ہیں کہ (ن)لیگ کی حکومت میں چاغی پہاڑ کے ماڈل کو گرانے کا مطلب کیا ہی ۔

انہوں نے کہا کہ کیا حکومت غیر ایٹمی پاکستان کی طرف بڑھ رہے ہیں یا کسی بیرونی آقا کی ایماء پر ایسا کیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

قرار داد میں مطالبہ کیا ہے کہ وفاقی حکومت قوم کو اس بات پر وضاحت دے کہ کس کو خوش کرنے کیلئے ایسا اقدام اٹھایا گیا اورعوام کے جذبات کی قدر کرتے ہوئے دوبارہ یاد گار کوایف نائن کی بجائے فیص آباد کے قریب اسی مقام پر تعمیر کرے۔ بعد ازاں پنجاب اسمبلی میںمیڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے میاں محمود الر شید نے کہا کہ جب بھارت سرحد پر جارحیت کرتا ہے اور دو فوجی جوانوں کو شہید کرتا ہے عین اسی وقت ہی کیوں یادگار کو ہٹایا گیا انہوں نے کہا کہ حکومتی اقدامات سے کئی سوالات اٹھ رہے ہیںجس پر قوم پریشان ہے اورنوازشریف حکومت سے اس کا جواب چاہتی ہے۔