وزیراعظم کا قومی سلامتی کمیٹی اجلاس کی کارروائی سے متعلق اختراع پر مبنی میڈیا رپورٹ کے حوالہ سے خلاف ورزی کا سخت نوٹس

پرنٹ اور الیکٹرانک میڈیا قومی سلامتی اور ریاست کے مفادات کے امور پر مفروضوں پر مبنی رپورٹنگ سے اجتناب کرے ٬ْاجلاس کے شرکاء ہ فوج اور انٹیلی جنس ایجنسیاں دہشت گردی کے خلاف جنگ میں قائدانہ کردار ادا کرتی رہیں گی ٬ْاجلاس میں فیصلہ

پیر 10 اکتوبر 2016 19:30

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 اکتوبر2016ء) وزیراعظم محمد نواز شریف نے قومی سلامتی کمیٹی اجلاس کی کارروائی سے متعلق اختراع پر مبنی میڈیا رپورٹ کے حوالہ سے خلاف ورزی کا سخت نوٹس لیتے ہوئے سخت کارروائی کیلئے ذمہ داروں کی نشاندہی کی ہدایت کی ہے۔ وزیراعظم محمد نواز شریف نے یہ بات چیف آف آرمی سٹاف جنرل راحیل شریف سے پیر کو ملاقات کے دوران کہی جو وزیراعظم ہائوس میں ہوئی۔

وزیر خزانہ محمد اسحاق ڈار٬ وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان٬ وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف اور ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل رضوان اختر بھی ملاقات میں موجود تھے۔ ایوان وزیراعظم کی طرف سے جاری بیان کے مطابق ملاقات میں قومی اور علاقائی سلامتی سے متعلق امور پر بات چیت ہوئی۔

(جاری ہے)

اجلاس کے شرکاء نے گذشتہ ہفتہ قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس میں مبینہ طور پر زیر بحث سلامتی امور سے متعلق روزنامہ ’’ڈان‘‘ کی من گھڑت خبر کی اشاعت پر تشویش کا اظہار کیا۔

شرکاء نے اتفاق کیا کہ اس خبر کی اشاعت قومی سلامتی امور پر رپورٹنگ کے عالمی مسلمہ اصولوں کی صریح خلاف ورزی ہے اور خبر میں غلط و گمراہ کن مندرجات نے اہم ریاستی مفادات کو نقصان کا خدشہ لاحق کیا ہے جن کا اصل بات چیت اور حقائق سے کوئی تعلق نہیں ہے۔ شرکاء نے کہا کہ یہ ضروری ہے کہ پرنٹ اور الیکٹرانک میڈیا قومی سلامتی اور ریاست کے مفادات کے امور پر مفروضوں پر مبنی رپورٹنگ سے اجتناب کرے۔

وزیراعظم نے خلاف ورزی کا سخت نوٹس لیا اور ہدایت کی کہ ذمہ داروں کے خلاف سخت کارروائی کیلئے نشاندہی کی جائے۔ اجلاس نے اعادہ کیا کہ فوج اور انٹیلی جنس ادارے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں اپنا قائدانہ کردار جاری رکھیں گے جو تمام فریقین کے مکمل اتفاق سے بلاامتیاز اور خوش اسلوبی سے آگے بڑھ رہی ہے۔

متعلقہ عنوان :