تحریک انصاف کی دعوت مسترد کیے جانے کی خبریں بے بنیاد ہیں‘ ترجمان عوامی تحریک

ڈاکٹر طاہر القادری 10 یوم کیلئے کینیڈا گئے ہیں ٬ تحریک انصاف کے رہنمائوں کے دورہ لندن سے لاعلم ہیں

پیر 10 اکتوبر 2016 19:10

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 اکتوبر2016ء) پاکستان عوامی تحریک کے ترجمان نے کہا ہے کہ سربراہ عوامی تحریک ڈاکٹر طاہر القادری 10 روزہ دورہ پر کینیڈا گئے ہیں۔ 21 اکتوبر کو لندن واپس آئینگے۔ تحریک انصاف کے رہنمائوں کے دورہ لندن کے حوالے سے لاعلم ہیں۔ شیخ رشید کے ساتھ ٹیلیفونک رابطہ رہتا ہے۔ لندن پلان کی خبریں حکومتی پراپیگنڈا ہے۔

اس میں کوئی صداقت نہیں۔تحریک انصاف کی دعوت مسترد کیے جانے کی خبریں بھی بنیاد اور لغو پراپیگنڈا ہیں۔اس حوالے سے تحریک اور انصاف اور عوامی تحریک کے درمیان کسی بھی سطح پر تاحال کوئی رابطہ نہیں ہوا نہ ہی کسی قسم کی کوئی ناراضگی ہے ۔پانامہ لیکس کی تحقیقات کے مطالبہ کے حوالے سے اپوزیشن جماعتوں کے موقف کے 100فیصد ساتھ ہیں اور اپوزیشن جماعتیں شہدائے ماڈل ٹائون کے قصاص کے مطالبہ کی حمایت کرتی ہیں۔

(جاری ہے)

عوامی تحریک کی قیادت پانامہ لیکس کے مجرموں اور سانحہ ماڈل ٹائون کے ذمہ داران کو کیفر کردار تک پہنچا کر دم لے گی اور نہ مرتے دم تک بے گناہ کارکنوں کے قاتلوں سے کوئی سمجھوتہ ہو سکتا ہے ۔سربراہ عوامی تحریک سانحہ ماڈل ٹائون کو انسانی حقوق کے عالمی فورمز پر اٹھانے کے سلسلہ میں بیرون ملک ہیں اس حوالے سے کیس تیار کرلیا گیا ہے۔انسداد دہشت گردی عدالت لاہور میں استغاثہ کیس آخری مرحلے میں داخل ہو چکا ہے اس کے بعد مناسب وقت پر دوسرے رائونڈ کا اعلان ہو گا ۔

شہدائے ماڈل ٹائون کے قصاص کیلئے ہر حد تک جائینگے ۔ترجمان نے کہا کہ تحریک انصاف کو بطور جماعت اپنے فیصلے کرنے کا حق حاصل ہے۔ جس طرح عوامی تحریک نے قصاص تحریک کے پہلے رائونڈ میں ہر جلسہ اور احتجاج کی تاریخ کا تعین خود کیا اسی طرح تحریک انصاف بھی اپنی احتجاجی تحریک کو چلانے اور آگے بڑھانے کا حق رکھتی ہے۔