قومی وطن پارٹی کا منشور پختونوں اور خیبر پختونخواکی ترقی و حوشحالی ہے٬ سکندر شیر پائو

عوام کو دنیا کی باوقار قوموں کی صفوں میں برابر کھڑا کرنے تک ہماری جدوجہد جاری رہے گی٬وزیر آبپاشی خیبرپختونخوا

پیر 10 اکتوبر 2016 19:10

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 اکتوبر2016ء) قومی وطن پارٹی کے صوبائی چیئرمین وسینئر صوبائی وزیربرائے آبپاشی سکندر حیات خان شیرپائونے کہا ہے کہ ہمارا منشور پختونوں اور خیبر پختونخواکی ترقی و خوشحالی اور بہتر مستقبل پر مبنی ہے اور ان کو دنیا کے باوقار قوموں کی صفوں میں برابر کھڑا کرنے تک ہماری جدوجہد جاری رہے گی۔ان خیالات کا اظہار انھوں نے ناظر گڑھی شبقدر ضلع چارسدہ میں سڑک کے افتتاح کے بعد شمولیتی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پرمختلف سیاسی جماعتوں کے سرکردہ کارکنوں اور عہدیداروں علی احد٬جان عالم٬وسیم خان٬ اسداللہ٬ فیاض٬ دانیال٬ سیدان گل٬ملک ناصر خان٬صابر خان٬زبیر خان٬کامران خان٬بلال خان٬حاجی سید کریم٬زیشان گل٬شاکراللہ٬سید عالم٬شیرافضل٬فہیم خان اور عبدالباسط نے اپنے خاندانوں اور ساتھیوںسمیت قومی وطن پارٹی میں شمولیت کا اعلان کیا۔

(جاری ہے)

سکندرشیرپائو نے کہا کہ خطہ تاریخ کے مشکل ترین دور سے گزر رہا ہے ایک طرف دہشت گردی کے خلاف جنگ میں سب سے ذیادہ نقصان اس خطے اور یہاں کے عوام کو ہوا تو دوسری طرف وفاقی حکومت کی طرف سے مختلف ایشوزپرسرد مہری کا مظاہرہ کیا جارہا ہے جس سے یہاں پر پائی جانے والی مایوسی میں خصوصا اضافہ ہوا ہے۔

انھوں نے پاک چائنا راہداری منصوبہ کے مغربی روٹ کی تعمیر کے ساتھ ساتھ تمام لوازمات کی فراہمی کواولین ترجیح دینے کا مطالبہ کیا اور کہا کہ اگر صوبہ خیبر پختونخوا اور پختونوں کو نظرانداز کرنے کی کوشش کی گئی تو یہاں کے عوام کواس منصوبے سے کوئی دلچسپی باقی نہیںرہے گی۔انھوں نے کہا کہ پختونوں کے حقوق کے حصول اور ترقی و خوشحالی کیلئے قومی وطن پارٹی کی طرف سے پارٹی کے قائد آفتاب احمد خان شیرپائو کی قیادت میں پختونوں کو متحد کرنے کی جدوجہد جاری ہے اورقومی وطن پارٹی حقیقی معنوں میں پختونوں کے حقوق کی محافظ ہے ۔

انھوں نے کہا کہ پختونوں کے حقوق کے حصول اور ان کی ترقی و خوشحالی کیلئے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کیا جائے گا۔انھوں نے کہا کہ پختونوں کے حقوق کیلئے بھرپور جدوجہد کی وجہ سے قومی وطن پارٹی پختونوں کے امیدوں کا محور بن چکی ہے اور تمام پختونوں کی نظریں پارٹی پر لگی ہوئی ہیں۔اس موقع پر سابق ممبر خیبر پختونخوا اسمبلی بابر علی خان٬قومی وطن پارٹی کے رہنماء جاوید خان کتوزئی٬محمد جان گیگیانی اور شاہد خان کتوزئی بھی موجود تھے۔