ڈاک کے عالمی دن کے سلسلے میں راولپنڈی جی پی او میںپرچم کشائی کی تقریب٬یادگاری ٹکٹوں کی نمائش بھی ہوئی

پیر 10 اکتوبر 2016 18:50

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 اکتوبر2016ء) ڈاک کے عالمی دن کے سلسلے میں راولپنڈی جی پی او میںپیر کے روز پرچم کشائی کی تقریب اوریادگاری ٹکٹوں کی نمائش ہوئی۔ مہمانِ خصوصی راولپنڈی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر راجہ عامر اقبال اور چیف پوسٹ ماسٹر احسان اللہ مروت نے پرچم کشائی کی ۔ پاکستان پوسٹ کے افسران و ملازمین٬یادگاری ٹکٹوں کے شائقین ٬ تعلیمی اداروں کے اساتذہ اور طلبہ و طالبات کی بڑی تعداد نے تقریب میںشرکت کی ۔

اس موقع پر یونیورسل پوسٹل یونین کے ڈائریکٹر جنرل بشار عبدالرحمان حسین کا پیغام پڑھ کر سنایا گیا۔ جس میںانہوں نے کہاکہ صارف دنیا بھر میں ہمیشہ پوسٹل سروسز کا اہم مرکز رہا ہے۔ صارف کے بھروسہ کی وجہ سے ڈاک کا شعبہ عالمی اور مقامی سطح پر خدمات کی فراہمی کیلئے قابل اعتماد شراکت ادار ہ ہے تا ہم اطلاعات ومواصلات کی جدید ٹیکنالوجی نے نئی طرز کا صارف پیدا کیا ہے جس کیلئے دہلیز پرخدمات کی فراہمی کافی نہیںبلکہ وہ جب اور جہاں ضرورت ہو٬ خدمات کا تقاضا کرتا ہے ۔

(جاری ہے)

چیف پوسٹماسٹر احسان اللہ مروت نے خطاب میں کہا کہ صارف کی ضروریات میں تیزی سے تبدیلی آ رہی ہے ۔ پاکستان پوسٹ صارفین کی ضروریات کے پیشِ نظرجدیدٹیکنالوجی سے ہم آہنگ خدمات بہم پہنچانے کیلئے کوشاں ہے اور اس سلسلے میں ہر ممکن وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیںتا کہ اسکے ثمرات واضح طور پر محسوس کئے جا سکیں۔ہفتے میں چھ روز کام کی بدولت عوام کیلئے ڈاک اور یوٹیلٹی بلز ادائیگی سمیت مختلف سروسزکا حصول آسان ہو گیا ہے۔

مہمان ِ خصوصی راجہ عامر اقبال نے اپنے خطاب میں کہا کہ مواصلات اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کے چیلنجز کے باوجود محکمہ ڈاک کی اہمیت کم نہیں ہوئی اور یہ ادارہ بخوبی عوام٬صنعتی اداروں٬کاروباری طبقہ اور عوام کو قابل اعتبار ٬ موزوں اور کم قیمت خدمات فراہم کر رہا ہے ۔ مہمان خصوصی نے راولپنڈی جی پی او اور فلاٹیلک بیورو کے دورے کے موقع پر کہا کہ راولپنڈی چیمبر پاکستان پوسٹ کی سروسزسے استفادہ کیلئے ہر ممکن تعاون کرے گا۔

اس موقع پر یادگاری ٹکٹوں کی نمائش کا اہتمام بھی کیا گیا جس میں شائقین اور طلبہ و طالبات نے بے حد دلچسپی لی۔ طلبہ و طالبات کو جی پی او کے مختلف شعبوں کا دورہ کرایا گیا۔ اور انہیں سیونگ سکیموں٬ ایکسپریس پوسٹ٬ پنشن ٬ ڈیلیوری اور یادگاری ٹکٹوں کے شعبے سمیت مختلف سروسز سے متعارف کرایا گیا۔